حلقہ این اے 265 کوئٹہ 2 سے نورالدین کاکڑ پیپلز پارٹی کے امیدوار ہوں گے،میر چنگیز خان جمالی

پیر 13 فروری 2023 10:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی کے زیر صدارت پارٹی کے الیکشن سیل کوئٹہ سٹی سیکرٹریٹ میں ایگزیکٹو باڈی کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں حلقہ این اے 265 کوئٹہ 2 کے الیکشن کے حوالے تفصیلی جائزہ اور مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ اجلاس میں حلقہ 27، 28 اور 29 کی بنیاد پر 3 کمیٹیاں تشکیل دینے کے اہم فیصلے کئے گئے جن کے مطابق کمیٹیاں حلقہ وائز الیکشن کے حوالے سے مختلف امور پر لائحہ عمل کی تیاری اور عملی اقدامات ہوں گی۔

(جاری ہے)

صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ حلقہ این اے 262 کوئٹہ 2 کے امیدوار کے حوالے سے پارٹی اور پارلیمانی بورڈ کے سامنے 4 نام آئے تھےپارٹی نے غور کے بعد نورالدین کاکڑ کا نام فائنل کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمپین کیلئے وقت بہت کم ہے۔ تمام ساتھی اپنی جدوجہد کو تیز تر کریں۔ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی حلقہ این اے 265 کوئٹہ 2 کے نامزد امیدوار نورالدین کاکڑ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حاجی قاسم اچکزئی، رابطہ سیکرٹری حاجی ربانی خلجی اور دیگر مقامی رہنمائوں اور کارکنوں نے شرکت کی۔