ترکیہ زلزلے میں کورولش عثمان کے اہم اداکار بھی موسیقار اہلیہ سمیت ملبے تلے دب کر انتقال کر گئے

جاگداس جانکایا نے اسلامی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق ترک ڈرامہ سیریز عثمان غازی المعروف کورولش عثمان میں قونیہ محل کے ایک اہم سپاہی کا کردار نبھایا تھا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 13 فروری 2023 12:10

ترکیہ زلزلے میں کورولش عثمان کے اہم اداکار بھی موسیقار  اہلیہ سمیت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ اردو پوائنٹ ۔ 13 فروری 2023ء) ترکیہ میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے دوران معروف ترک ڈرامہ کورولش عثمان کے اہم اداکار بھی اہلیہ سمیت ملبے تلے دب کر انتقال کر گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جاگداس جانکایا اور ان کی اہلیہ زلان ٹگرس بھی ان ہزاروں افراد میں شامل ہیں جو زلزلے کے ملبے تلے دب کر انتقال کر گئے۔جاگداس جانکایا نے اسلامی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق ترک ڈرامہ سیریز عثمان غازی المعروف کورولش عثمان میں قونیہ محل کے ایک اہم سپاہی کا کردار نبھایا تھا۔

پروڈکشن کمپنی بوزداغ فلم کی جانب سے انسٹاگرام پر جاگداس اور ان کی موسیقار اہلیہ زلان کی موت کی تصدیق کی گئی۔پروڈکشن کمپنی کی جانب سے دونوں میاں بیوی کی تصویر شئیر کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا گیا اور ان کی مغفرت کے لیے بھی دعا کی گئی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ترکی میں امدادی کارکنوں نے 13 فروری پیر کے روز بھی زلزلے کے ملبے سے مزید لوگوں کو نکالا، تاہم اب اس بات کی امیدیں دم توڑتی جا رہی ہیں کہ اب متاثرہ علاقوں میں بہت زیادہ زندہ بچ جانے والے مل پائیں گے۔

اقوام متحدہ کی امدادی ٹیم کے سربراہ مارٹن گریفتھس نے کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ مرنے والوں کی تعداد کم از کم 50,000 تک پہنچ جائے گی۔ترکی میں اب تک کم از کم 29,605 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے اور اس طرح یہ اب تک 10 مہلک ترین زلزلوں کی فہرست میں شامل ہو چکا ہے۔ شام میں بھی 3,500 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جہاں جمعے کے روز اب تک ہلاکتوں کی تعداد کو اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا ہے۔ترکی کی ڈیزاسٹر اتھارٹی 'اے ایف اے ڈی' کے مطابق گزشتہ پیر اور ہفتے کے درمیان اسی علاقے میں تقریبا 2,000 بار مزید آفٹر شاکس یعنی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔