عوامی نیشنل پارٹی پی ڈی ایم سے کب کی الگ ہوگئی ،ضمنی انتخابات سے بائیکاٹ کے نہیں ،میدان خالی نہیں چھوڑ سکتے،وجاہت کاکا خیل

ضمنی انتخابات میں ووٹ کی طاقت صوبے کو معاشی بد حالی کا شکاربنانے والوں کو عبرتناک شکست دینگے، رہنماء اے این پی کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 16 فروری 2023 19:50

نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2023ء) عوامی نیشنل پارٹی کے این اے 25سے نامزد امیدوار میاں وجاہت کاکاخیل نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی پی ڈی ایم سے کب کی الگ ہوگئی ،پی ڈی ایم کے ضمنی انتخابات سے بائیکاٹ کی اے این پی پابند نہیں ہم میدان خالی نہیں چھوڑ سکتے، 16مارچ کے ضمنی انتخابات میں صوبے کو معاشی بد حالی کا شکاربنانے والوں کو عبرتناک شکست دے کر نوشہرہ سمیت خیبر پختونخواہ کی ترقی کے دشمنوں سے ووٹ کی طاقت سے بدلہ لیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی نوشہرہ کے ضلعی دفتر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعہ پر ڈاکٹر ریاض یوسفزئی ،ضمیر محمد خان ایڈووکیٹ،حاجی اکرم شاہ،عبدالصمد پراچہ،اسد گل بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میاں وجاہت کاکاخیل نے کہا کہ موجودہ ضلعی انتظامیہ پی ٹی آئی کی باقیات ہے اور ان کی موجودگی میں صاف شفاف غیر جانبدار انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں انہوں نے مزید کہا کہ پرویز خٹک نے اسمبلی سے استعفیٰ دیکر عوامی ووٹ کی بے حرمتی کی ہے اور ووٹ کی بے حرمتی کرنے والے عوامی ووٹ کے حقدار نہیں الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ اسمبلیوں سے استعفے دینے والوں کے کاغذات مسترد کرکے نااہل کریں کیونکہ پی ٹی آئی والوں نے دس سال کے پی میں اور چار سال وفاق میں حکومت کرتے ہوئے اپنی نااہلی کی وجہ سے ملک کو اقتصادی,معاشی اور سیاسی بحرانوں کا شکار بنا دیا ہے انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں موقعہ ملا تو نوشہرہ سے بیروزگاری کے خاتمے کیلئے بند کارخانوں کو چالو کریں گے نوشہرہ کے عوام این اے 25,26پر عوامی نیشنل پارٹی کے امیدواروں میاں وجاہت کاکاخیل اور نورعالم خان ایڈووکیٹ کو کامیاب بناکر نوشہرہ کے عوام کو سیاسی مافیاسے نجات دلانے میں ساتھ دے۔