آفتاب شیرپائو کی زیر صدارت قومی وطن پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس

منگل 7 مارچ 2023 18:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2023ء) قومی وطن پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی )کا اجلاس منگل کو یہاں آفتاب شیرپائو کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں انیسہ زیب طاہر خیلی، احمد نواز جدون، سکندر حیات، جمیل خان مرغز، یوسف خان، سردار احمد،سمیع اللہ لونی، حنیف شاہ اور جمیل بازئی سمیت دیگر سی ای سی ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سی ای سی اجلاس میں خیبرپختونخوا اور پنجاب کے انتخابات کے فیصلہ کے بارے میں بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے بعد قومی وطن پارٹی نے متفقہ اعلامیہ جاری کیا۔ اعلامیہ کے مطابق قومی وطن پارٹی نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد، نیکٹا کو فعال کرنے اور سی ٹی ڈی کے پی کو متحرک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

اعلامیہ کے مطابق قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ جلد وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ہم الیکشن کے حامی ہیں تاہم حالیہ فیصلہ پر تحفظات ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دی جائے، حالیہ مہنگائی نے متوسط طبقے سمیت غریب عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے ، خصوصی ریلیف پیکہج کا اعلان کیا جائے۔ اعلامیہ کے مطابق امن و امان خصوصاً خیبرپختونخوا میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پر بھی قومی وطن پارٹی نے تشویش کا اظہار کیا، گزشتہ حکومت میں سی ٹی ڈی کو 413 ارب روپے فراہم کئے گئے وہ کہاں گئے؟ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے افغان حکومت کے اشتراک سے لائحہ عمل مرتب کیا جائے، کالعدم ٹی ٹی پی افغانستان کی سرزمین استعمال کررہی ہے، افغان حکومت کو معاملے سے آگاہ کیا جائے۔

اعلامیہ کے مطابق قومی وطن پارٹی پی ڈی ایم اتحاد کا حصہ ہے اور پی ڈی ایم میں رہتے ہوئے عوامی مسائل کو اجاگر اور اس کا حل پیش کرتے رہیں گے۔