قومی اسمبلی کے 3 حلقوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری

مذکورہ حلقوں میں این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ اور این اے 31 پشاور شامل

جمعرات 9 مارچ 2023 19:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2023ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کے 3 حلقوں پر 30 اپریل 2023 کو ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا۔ ان حلقوں میں این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ اور این اے 31 پشاور شامل ہیں۔ شیڈول کے مطابق 11 مارچ کو ریٹرننگ افسران پبلک نوٹس جاری کریں گے۔

(جاری ہے)

12 سے 14 مارچ تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکیں گے، ،15 مارچ کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کی فہرست شائع اور 22 مارچ تک ان کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائیگی۔

ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 27 مارچ تک متعلقہ ایپلیٹ ٹرائیبونل کے پاس جمع کرائے جاسکیں گی۔ ایپلیٹ ٹرائیبونل کی جانب سے ان اپیلوں پر فیصلہ 3 اپریل تک کیا جائیگا۔4 اپریل کو امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست جاری کی جائیگی۔ 5 اپریل تک کاغذات نامزدگی واپس لئے جاسکیں گے۔ 6 اپریل 2023 کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری اور انہیں انتخابی نشانات الاٹ کئے جائینگے۔ جبکہ پولنگ 30 اپریل 2023 کو ہوگی۔