وزیراعلیٰ محسن نقوی کا رات گئے انجمن سلیمانیہ چلڈرن ہوم کا اچانک دورہ

زنگ آلود پانی، ناقص صفائی، واش رومز میں صابن تک نہیں، وزیراعلیٰ بے آسرا بچوں کیلئے ایسی صورتحال دیکھ کر شدید برہم الیکٹرک واٹر کولر کا فلٹر فوری تبدیل کرنے کا حکم ، جن بچوں کا کوئی سہارا نہیں، ان کیلئے ایسا سلوک قابل قبول نہیں‘محسن نقوی

جمعہ 10 مارچ 2023 21:28

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2023ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے انجمن سلیمانیہ چلڈرن ہوم کا اچانک دورہ کیا۔ الیکٹرک واٹر کولر میں زنگ آلود پانی، صفائی کی ناقص صورتحال، واش رومز میں صابن تک نہیں تھا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بے آسرا بچوں کیلئے ایسی صورتحال دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا ۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے الیکٹرک واٹر کولر کا فلٹر فوری تبدیل کرنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

محسن نقوی نے بے سہارا بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا ۔ وزیراعلیٰ نے واش رومز، ڈائننگ ہال، کچن اور دیگر رومز کا معائنہ کیا اور صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے ہدایات دیں ۔ انہوں نے فریزر میں رکھے کھانے پینے کے سامان کو بھی چیک کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ جن بچوں کا کوئی سہارا نہیں، ان کیلئے ایسا سلوک قابل قبول نہیں۔ ادارے کے امور کو بہتر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔