یونیورسٹی آف سرگودھا میں 2روزہ بین الاقوامی ورکشاپ کا آغاز ہو گیا

بدھ 15 مارچ 2023 17:49

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2023ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں 2 روزہ بین الاقوامی ورکشاپ کا آغاز ہوگیا ہے۔ تعلیمی لیبارٹریوں کی حفاظت اور ان کی مینجمنٹ کے عنوان سے منعقد ہونے والی غیر معمولی نوعیت کی حامل یہ ورکشاپ یونیورسٹی آف سرگودھا، او آئی سی کامسٹیک اور انٹرنیشنل سنٹر فارکیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز کے تعاون سے منعقد ہورہی ہے جس میں اسلامک ممالک سعودی عرب، ایران، انڈونیشیا، کیمبرون، نائیجریا، ایتھوپیا، سوڈان، بنگلہ دیش، کرغزستان، لیبیا، مصر اور آذربائیجان شامل ہیں جو براہ راست اور آن لائن شرکت کررہے ہیں۔

افتتاحی تقریب ملک فیروز خان نون بزنس سکول یونیورسٹی آف سرگودھا میں منعقد ہوئی جس کے مہمان ِخصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس تھے جبکہ کو آرڈینیٹر جنرل او آئی سی کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے آن لائن خطاب کیا۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ اس وقت ہمیں جدید علمی و سائنسی پروگراموں پر فوکس کرنے کی ضرورت ہے اور مختلف فورمز کے ذریعے ایسے علمی و عملی اقدامات کرنے ہیں جس سے ہم سائنس کے میدان میں ترقی کرسکیں اور یہی ترقی ہماری معیشت کو بھی بہتر کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بڑے تعلیمی اداروں میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ لیبارٹریاں موجود ہیں جن کی حفاظت اور مینجمنٹ بھی ہمارے ریسرچرز کا کام ہے۔انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کا ہمارے ساتھ ہمیشہ سے علمی تعاون رہا ہے اور آج ہم یہ بات فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ وائس چانسلر کی لیڈر شپ اور تجربہ سے ہم بہت جلد اپنے علمی مقاصد میں کامیاب ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم میں علم حاصل کرنے کے جذبے کے ساتھ ساتھ علوم کو آگے پھیلانا بالخصوص بنی نوع انسان کے لئے ہر وقت موجود ہے، اس جذبے کو دیکھ کر اسلامی دنیا سے لوگ پاکستان آرہے ہیں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ جدید سائنس اور ٹیکنالوجی کے بغیر علمی ترقی ممکن نہیں۔ پاکستان ہایئرایجوکیشن کمیشن میں بہت جلد اسلامی ممالک کے طالب علموں کی جدید درس گاہ اور تحقیقی میدان بن جائے گا، ہمارے لئے یہ امر باعث فخر ہے کہ آج ملک میں بین الاقوامی طالب علم اپنی علمی پیاس بجھانے کے لئےیہاں آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بدلتے وقت کے ساتھ عوام میں جدت آتی رہتی ہے اور نصاب اور تحقیقی انداز بدلنے کے ساتھ ساتھ لیبارٹریوں کے کام کرنے میں تبدیلی اور جدّت آرہی ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ عصری تقاضوں سے ہم آہنگ اپنی تعلیمی لیبارٹریوں کی مینجمنٹ کو بہتر کریں اور ان کی حفاظت کرتے ہوئے ایجادات و دریافت کے میدان میں انقلاب برپا کریں۔ انہوں نے کہا کہ کامسٹیک ایک ایسا فورم ہے جس سے ہمیں زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا ہے۔

اس موقع پرانہوں نے یونیورسٹی میں جاری تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ سرگودھا یونیورسٹی غیر ملکی طالب علموں کے لئے ایک بہت کارآمد جامعہ ہے جہاں انہیں ہر قسم کی سہولت، عمدہ ریسرچر، بہترین لیبارٹریاں اور مکمل علمی ماحول فراہم ہوگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروگرام منیجر کامسٹیک حارث اکرم نے کہا کہ ہمارے لئے یہ بات فخر و انسباط کا باعث ہے کہ یونیورسٹی آف سرگودھا ہماری ممبر یونیورسٹی ہے جو نہ صرف علاقائی سطح پر بلکہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر اپنا کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔

انہوں نے اپنے ادارے کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہمارے ساتھ 57 اسلامک ملک شامل ہیں جن کے طالب علم پاکستان میں علم حاصل کرنے آرہے ہیں۔ انہوں نے مستقبل کے اغراض و مقاصد بتاتے ہوئے کہا کہ بہت جلد ہم اپنے سکالر کے لئے کامسٹیک ایوارڈ شروع کررہے ہیں اور اس طرح کی مزید ورکشاپس بھی منعقد کی جائیں گی۔ ڈائریکٹر(اوآرآئی سی) یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر فاروق انور نے کہا کہ آج کی ورکشاپ کا مقصد در اصل اپنے ریسرچرز اور لیبارٹری میں کام کرنے والے محققین کو ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جس سے انہیں کام کرنے میں آسانی ہو اور وہ لیبارٹری کی حفاظت کے ساتھ اس کی مینجمنٹ کو سمجھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کی ورکشاپ کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ ہم لیباٹریوں کی حفاظت کرتے ہوئے انہیں کیسے اپ گریڈ کرسکتے ہیں۔ تقریب سے ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس پروفیسر ڈاکٹر انجم مرتضیٰ اور آئی سی سی بی ایس کے پروفیسر ڈاکٹر ظہیر الحق نے بھی خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ماہرین نے کہا کہ لیبارٹری میں زیادہ تر کام کیمیکل سے متعلق ہوتا ہے جس کی وجہ سے آپ کی صحت کو نقصان پہنچ سکتا ہے ممکنہ خطرات سے بچنے کے لئے حفاظتی اقدامات کو اپنائیں۔

اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف ایگری کلچر پروفیسر ڈاکٹر اطہر ندیم، پروگرام منیجر کامسٹیک حارث اکرم‘ سینئر سائنس ایکسپرٹ ہایئرایجوکیشن کمیشن اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر خالد لطیف، ایڈوائزر لنکجز کامسٹیک مرتضیٰ نور، یونیورسٹی کے سینئر اساتذہ، انتظامی افسران، مختلف شعبوں کے صدور اور طالب علموں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔