Live Updates

انتخابات سے فرار خدانخواستہ پورے انتخابی نظام کوہی آئین سے ماورا اقدامات ہائی جیک کرنے کا راستہ کھلے گا،لیاقت بلوچ

جمعرات 16 مارچ 2023 23:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مارچ2023ء) نائب امیرجماعت اسلامی مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے مراحل میں پی ٹی آئی، اتحادی حکومت، پنجاب نگران حکومت، سِول مِلٹری اسٹیبلشمنٹ اورعدلیہ اپنے اپنے دائرے اور اسلوب میں بے نقاب ہو گئے ہیں، یہ تاثر ابھرا ہے کہ پاکستان میں غریب اور امیر کے لئے دو طریقے تھے لیکن اب عدلیہ، قانون اور ریاست کے فیصلوں سے کارکنان کی طاقت سے سًب کچھ تہس نہس کیا جا سکتا ہے۔

عوام اپنے مسائل کے گرداب میں ہلکان ہو رہے ہیں، آئین اور ملک کی ضرورت بروقت شفاف وغیر جانبدارانہ انتخابات کی ہے لیکن سیاسی قومی قیادت اپنے اپنے سیاسی مقاصد ترجیحات کی بنیاد پر ریاست، سیاست ا ور جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے اسمبلیوں کے انتخابات سے فرار خدانخواستہ پورے انتخابی نظام کوہی آئین سے ماورا اقدامات ہائی جیک کرنے کا راستہ کھلے گا۔

لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں البصیرہ کے مرکزی دفاتر میں مِلی یکجہتی کونسل اور البصیرہ کے مرکزی رہنما علامہ ثاقب اکبر کے بیٹوں اور دفتر کے ذمہ داران کے ساتھ تعزیت کی اور مرحوم کی اتحاد اُمت کی خدمات کو سراہا۔اِس موقع پر سید ناصر شیرازی، علامہ عارف حسین واحدی، آغا ترمذی موجود تھے۔ 18مارچ 2023ء اسلام آباد میں البصیرہ اور ملی یکجہتی کونسل کی مشترکہ عظمت قرآن وصاحب قرآن کانفرنس کا اہتمام کیا جائے گا۔

تمام دینی جماعتوں کے قائدین، سکالرز اور علماء خطاب کریں گے۔ البصیرہ کے دفتر میں کانفرنس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔لیاقت بلوچ نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موثر طبقات اور بااختیار قوتوں کو جان لینا چاہیے کہ 75 سال سے جاری فرسودہ نظام ناکام ہو گیا ہے، ریاستی طاقت، مال ودولت اور سازشوں سے مسلّط کی جانے والی سیاسی قیادتیں ناکام ہو گئی ہیں۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے آئین کی بالادستی نظام عدل اور شفاف وغیرجانبدارانہ انتخابات کی اہمیت کو تسلیم کرنا ہو گا
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات