کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ ڈپٹی کمشنر کا دورہ ،ریونیو ٹارگٹ، ترقیاتی سکیموں، پرائس کنٹرول سمیت مختلف امور پر بریفنگ

144،7 آٹے کے تھیلے مستحق افراد کو مفت دیے جائیں گے اور روزانہ کی بنیاد پر ایک لاکھ آٹے کے تھیلے مفت تقسیم کیے جائیں گے، بریفنگ

ہفتہ 18 مارچ 2023 18:15

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2023ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے دفتر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا دورہ کیا جس میں ریونیو ٹارگٹ، ترقیاتی سکیموں، پرائس کنٹرول، کھاد اور آٹے کی فراہمی، پتنگ بازی اور مردم شماری سمیت دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مری کیپٹن (ر) قاسم اعجاز، ضلع کی تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

کمشنر راولپنڈی نے اس موقع پر کہا کہ گرداوری، جمع بندی اور بلاک کھیوٹ کے مسئلے سمیت تمام ریونیو معاملات ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو کے معاملات اور اہداف میں کوتاہی کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز نظام کو مزیدبہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور اسسٹنٹ کمشنرز نمبرداروں کا وٹس ایپ گروپ بنائیں تاکہ ریونیو معاملات میں علاقائی لوگوں کو آگاہی مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ نائب تحصلیدار قلمی کے بجائے ٹائپ فیصلہ لکھیں اور ریونیو کیسز کا فیصلہ جلد از جلد ہونا چاہئے۔کمشنر راولپنڈی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ755 144،7 آٹے کے تھیلے مستحق افراد کو مفت دیے جائیں گے اور روزانہ کی بنیاد پر ایک لاکھ آٹے کے تھیلے مفت تقسیم کیے جائیں گے۔ اس حوالے سے ضلع بھر میں 232 ٹرکنگ آٹا پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔

کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ مفت آٹے کے تھیلے حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق مستحق لوگوں میں تقسیم کئے جائیں گے۔ کمشنر راولپنڈی نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پتنگ فروشوں اور پتنگ بازوں کے خلاف سخت کاروائی جاری رکھی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرج ایکٹ پر ہر صورت عمل در آمد کرایا جائے۔ خلاف ورزی کرنے والے میرج ہال کو سر بمہر کیا جائے اور جرمانے کئے جائیں۔

کمشنر راولپنڈی نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں جاری مردم شماری کے عملے کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کے حوالے سے انجمن تاجران کے نمائندوں سے مل کر پرائس لسٹیں آویزاں کی جائیں۔ کمشنر راولپنڈی کا مزید کہنا تھا کہ جی ٹی روڈ کو خوبصورت بنانے کے لیے تمام متعلقہ افسران اپنا عملی کردار ادا کریں۔ کمشنر راولپنڈی نے محکمہ صحت کے احکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بنیادی مرکز صحت میں صحت کو ضروری تمام سہولیات دی جائیں۔

بنیادی مرکز صحت کو تمام طبی سہولیات سے آراستہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کالجز میں 16000 پودے لگانے کے عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔ تمام سکولوں میں تزین و آرائش کے کام کو تیز کیا جائے اور بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے۔مری روڈ کو ماڈل روڈ بنایا جائے گا۔ کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ19 مارچ سے جشن بہاراں منایا جائے گا جس میں علاقائی کھیلوں کو شامل کیا جائے گا۔ڈینگی اور پولیو مہم پر کمشنر راولپنڈی نے اطمینان کا اظہار کیا۔