Live Updates

اسلام آباد ، فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کے باہر 'بدامنی ' پھیلانے پر عمران، پی ٹی آئی کے دیگر رہنمائو ں پر دہشت گردی کے الزامات میں مقدمہ درج

پیر 20 مارچ 2023 01:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2023ء) اسلام آباد پولیس نے اتوار کو عمران خان اور پی ٹی آئی کے ایک درجن سے زائد رہنمائوں کے خلاف فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس (یف جے سی)کے باہر پولیس افسران پر حملہ کرنے اور افراتفری پھیلانے کے الزام میں دہشت گردی کے الزامات کی ایف آئی آر درج کی ہے۔ ہفتے کے روز عمران خان کے توشہ خانہ کیس کی سماعت میں پیشی کے لیے ایف جے سی پہنچنے کے بعدپی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس کے درمیان کئی گھنٹے تک جھڑپیں ہوئیں۔

پرتشدد تصادم میں، پی ٹی آئی کے حامیوں نے قانون نافذ کرنے والوں کو پیچھے دھکیلنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے گاڑیوں کو آگ لگانے کے لیے پٹرول بموں کے ساتھ ساتھ پولیس کے خلاف پتھرائو بھی کیا۔

(جاری ہے)

ہجوم نے ایک پولیس چوکی کو بھی آگ لگا دی جبکہ تصادم کے دوران 52 اہلکار زخمی ہوئے۔رمنا تھانے کے ایس ایچ اوملک رشید احمد نے اسلام آباد کے کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ میں عمران اور دیگر پی ٹی آئی رہنمائوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی۔

شکایت میں دفعہ 148(ہنگامہ آرائی، مہلک ہتھیاروں سے لیس)، 149 (غیر قانونی طور پر جمع ہونے کاجرم کا )، 186 (سرکاری ملازمین کی سرکاری امور کی انجام دہی میں رکاوٹ (دفعہ 353 حملہ یا سرکاری ملازم کو ڈیوٹی کی ادائیگی سے روکنے کاجرم )، 380 (گھر میں چوری وغیر ہ ، مجرمانہ دھمکی اور چند دیگر دفعات اس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ (اے ٹی اے ) 1997 کی دفعہ 7 (دہشت گردی کی کارروائیوں کی سزا) بھی شامل ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق پی ٹی آئی کے سربراہ نے پی ٹی آئی کے دیگر 17 رہنمائوں کے ساتھ گزشتہ روز اسلام آباد میں نافذ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی اور سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔اس میں پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر، سابق ڈپٹی سپیکر اسد قیصر، رہنما حماد اظہر، علی امین گنڈا پور، علی نواز اعوان، مراد سعید، شبلی فراز، حسن خان نیازی، عمر ایوب خان، امجد خان نیازی، خرم نواز، جمشید مغل، عامر کیانی، فرخ حبیب، ڈاکٹر شہزاد وسیم، عمر سلطان اور عمران کے چیف سکیورٹی آفیسر ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل محمد عاصم شامل ہیں ۔

ایف آئی آر میں ایف جے سی کو نقصان پہنچانے میں ملوث 18 افراد، کمپلیکس کے پارکنگ ایریا کو نقصان پہنچانے اور آگ لگانے میں ملوث 22 افراد اور پولیس اہلکاروں کو مبینہ طور پر زخمی کرنے میں ملوث 19 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات