Live Updates

عمران خان نے ملک میں جتھوں کی سیاست متعارف کرائی جو ملک کیلئے زہر قاتل ہے ‘سیف الملوک کھوکھر

ایک شخص آج بھی لاڈلا ہے ،اسے گاڑی میں بیٹھ کر عدالتی حاضری لگانے کا بھی ریلیف مل جاتا ہے ‘صدر مسلم لیگ (ن) لاہور

پیر 20 مارچ 2023 12:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2023ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ اپنے دور اقتدار میں رات کے اندھیرے میں سیاسی مخالفین کے گھروں کی چادر چاردیواری کے تقدس کو پامال کرنے والے آج کس بات کا رونا رو رہے ہیں ،زمان پارک دہشت گردوں کی پناہ گاہ بن چکا ہے، عمران خان پر جتنے کیسز ہیں وہ ثابت شدہ ہیں۔

اپنے بیان میں سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ ایک شخص آج بھی لاڈلا ہے ، یہی وجہ ہے کہ اسے گاڑی میں بیٹھ کر عدالتی حاضری لگانے کا بھی ریلیف مل جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک میں جتھوں کی جو سیاست متعارف کرائی ہے یہ ملک کے لئے زہر قاتل ہے ، اگر ریاست نے اس کا سختی سے نوٹس نہ لیا تو اس کے انتہائی بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر ڈنڈے برسانے والے ، پتھرائو کرنے والے اور پیٹرول بم پھینکنے والوں کا یہ سوال انتہائی حیران کن ہے کہ ان کے خلاف کیوں کارروائی کی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف شدید مالی مشکلات کے باوجود عوام کیلئے ریلیف کا سامان کر رہے ہیں، کم آمدنی والوں کے لئے مفت آٹے کی فراہمی اور پیٹرول پر پچاس روپے لیٹر ریلیف تاریخی اقدامات ہیں ۔ ان شا اللہ تعالی ملک کو مشکلات سے نکال کر نہ صرف ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے بلکہ قوم کو اسی طرز کے ریلیف دیں گے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات