صوبے کے تمام مسائل کا حل صوبائی خود مختاری میں مضمرہے :سکندر حیات خان شیر پائو

اٹھارویں آئینی ترمیم پر مکمل عملدرآمدکر کے صوبوں کی محرومیوں اور عوام کی بے چینی کے ازالہ سمیت ان کو درپیش مشکلات کو دورکرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں:صوبائی چیئرمین قومی وطن پارٹی

پیر 20 مارچ 2023 23:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2023ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائونے کہاہے کہ صوبے کے تمام مسائل کا حل صوبائی خود مختاری میں مضمرہے لہٰذااٹھارویں آئینی ترمیم پر مکمل عملدرآمدکر کے صوبوں کی محرومیوں اور عوام کی بے چینی کے ازالہ سمیت ان کو درپیش مشکلات کو دورکرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے مرزا ڈھیر ضلع چارسدہ میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے عہدیداروں اور کارکنوں حیدر علی،فقیر ماما،بحر اللہ،مسلم الرحمان،نصیر،گلفراز،یاسر،دائود،سلیمان،اعجاز،یاسین،یوسف گل،جان شیر،شکیل،نہار،شاہد خان اور شہزاد نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

سکندر شیرپائو نے صوبے کے وسائل اور پن بجلی خالص منافع کے بقاجات کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں غربت و افلاس اور پسماندگی نے ڈھیرے ڈال دیئے ۔انھوں نے کہا کہ جب تک ملک کی اکائیاں اقتصادی لحاظ سے مستحکم نہیں ہوں گے تب تک ایک مضبوط و مستحکم وفاق کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتالہٰذا صوبوں کی محرومیوں کے ازالے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

انھوں نے سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی نااہلی کی وجہ سے بنگلہ دیش جیسا ملک بھی پاکستان سے معاشی ترقی میں آگے نکل گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے اور عوام دو وقت کی روٹی کے حصول کیلئے بھی حیران و پریشان ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہوشربا ٹیکسز کی شکل میں غریب عوام کا خون چوسا جارہا ہے ۔انھوں نے کہا کہ حکمران عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے اپنی اخراجات میں کمی لانے کیلئے اقدامات کرے۔انھوں نے کہا کہ آٹے کے بحران اور اس کی بڑھتی ہوئی قیمتوںپر قابو پانے کیلئے حکومت کو چاہیے کہ زخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کا خاتمہ کرکے آٹے کی ترسیل میں شفافیت پیدا کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔