کویت کا غیرملکیوں کی ملازمتوں سے متعلق اہم فیصلہ

تارکین کو تعلیمی قابلیت کے مطابق ورک پرمٹ جاری کیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 22 مارچ 2023 17:09

کویت کا غیرملکیوں کی ملازمتوں سے متعلق اہم فیصلہ
کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مارچ2023ء) خلیجی ملک کویت نے غیرملکیوں کی ملازمتوں سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے تارکین کو تعلیمی قابلیت کے مطابق ورک پرمٹ جاری کرنے کا اعلان کردیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق کویت کی پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت نے ملازمت کے ٹائٹل میں تبدیلی کو روکنے اور معمولی کارکنوں کا محاصرہ کرنے کے مقصد کے تحت غیرملکیوں کی تعلیمی قابلیت کو جانچنے اور انہیں جاری کیے گئے ورک پرمٹ سے منسلک کرنے کے لیے ایک نیا طریقہ کار نافذ کرنا شروع کر دیا۔

اس حوالے سے روزنامہ القبس نے باخبر ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ طریقہ کار افرادی قوت کے پیشہ ورانہ حفاظتی مرکز کو بھیجے گئے قابلیت اور تعلیمی سرٹیفکیٹس کی منظوری دے کر سرٹیفکیٹس میں مذکور عنوانات کی تصدیق اور نجی شعبے میں کارکنوں کو جاری کردہ عنوانات سے منسلک کرنے کی اجازت دے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مالیاتی اور بینکنگ کے شعبے میں خصوصی ٹائٹل مثلاً فنانس اور ایڈمن ڈیپارٹمنٹ سے متعلقہ ملازمتوں کا تعلق براہ راست سرٹیفکیٹ سے ہوگا اور کسی بھی رہائشی کو اسی پیشے میں سرٹیفکیٹ حاصل کیے بغیر پیشہ ورانہ ملازمت کا ٹائٹل حاصل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی یعنی اگر کوئی غیرملکی فنانس ڈیپارٹمنٹ میں اکاؤنٹنٹ کی ملازمت کررہا ہے اور اس کا اقامہ بھی اکاؤنٹنٹ کا ہے تو اس کے پاس اکاؤنٹس کی ڈگری ہونا لازم ہے جو کہ کویت میں اکاؤنٹس ایسوسی ایشن سے منظور شدہ ہونی چاہیے۔

ذرائع کا مزید کہنا کہ ہے ساحل ایپلی کیشن کے ذریعے کمپنیوں کے لیے یہ ممکن ہوگا کہ وہ اہلیت کے حامل افراد کے نام کا انتخاب اپنی ضروریات کے مطابق کر سکیں اور ان کے لیے کام کرنے والے ملازمین کی تعلیمی ڈگریوں کے مطابق اسے تبدیل کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :