Live Updates

ہائی کورٹ نے عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست پر آئی جی اسلام آباد کو نوٹس جاری کر دیا

بدھ 22 مارچ 2023 23:19

ہائی کورٹ نے عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست پر آئی جی اسلام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2023ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست پر آئی جی اسلام آباد کو نوٹس جاری کر دیا۔بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔اے سی شالیمار نے جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ پر توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔

درخواست گزار کے وکیل راجہ رضوان عباسی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔عدالت نے فائل گم ہونے والے کیس کے ساتھ اس کیس کو منسلک کر دیاجبکہ امن و امان کی صورتِ حال کے معاملے پر آئی جی اور اسلام آباد کی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عدالت کا حکم تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان امن و امان کی صورتِ حال پیدا نہیں کریں گے، مگر انہوں نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان نے پولیس اور جوڈیشل کمپلیکس پر پتھرائو کیاجس کی وجہ سے پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔درخواست میں کہا گیا کہ پولیس نے عدالتی حکم کے مطابق سیکیورٹی کے انتظامات کیے تھے، جبکہ عمران خان نے 17 مارچ کا عدالت کا ایک حکم بھی نہیں مانا۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان کو طلب کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔عدالتِ عالیہ نے کیس کی سماعت 7 اپریل تک کیلئے ملتوی کر دی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات