پاکستان کی نصف سے زیادہ آبادی نے پی ایس ایل کا کوئی میچ نہیں دیکھا

گیلپ اینڈ گیلانی پاکستان کے سروے کے مطابق 51 فیصد بالغ آبادی نے پی ایس ایل میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 23 مارچ 2023 12:23

پاکستان کی نصف سے زیادہ آبادی نے پی ایس ایل کا کوئی میچ نہیں دیکھا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 مارچ 2023ء ) گیلپ اینڈ گیلانی پاکستان نے انکشاف کیا ہے کہ نصف سے زیادہ بالغ پاکستانیوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے حال ہی میں ختم ہونے والے ایڈیشن کا کوئی میچ نہیں دیکھا۔ پاکستان کی معروف سروے ریسرچ اور کنسلٹنسی فرم گیلپ کی جانب سے کیے گئے سروے کے مطابق ملک کی 51 فیصد بالغ آبادی نے پی ایس ایل میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی۔

فرم نے پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کے اختتام کے بعد ملک بھر میں آن لائن سروے کیا اور سوال پوچھا کہ کیا آپ نے پی ایس ایل کا کوئی میچ دیکھا ہے، وہ بھی جزوی طور پر؟۔ اس سوال کے جواب میں 49 فیصد بالغ آبادی نے 'ہاں' پر کلک کیا جب کہ بقیہ 51 فیصد نے جواب دیا کہ انہوں نے اس سال پی ایس ایل کا کوئی میچ نہیں دیکھا۔

(جاری ہے)

حال ہی میں، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نے دعویٰ کیا کہ پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ناظرین کی تعداد کو پیچھے چھوڑ دیا۔

نجم سیٹھی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اس سال پی ایس ایل کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر دیکھنے والوں کی تعداد دو ٹورنامنٹس کے ایک ہی مرحلے میں پیسے سے بھرپور آئی پی ایل سے زیادہ تھی۔ پی ایس ایل کی کامیابی کے بارے میں بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ 150 ملین سے زائد لوگوں نے مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر پی ایس ایل سے لطف اندوز ہوئے جو کہ لیگ کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ "میں نے ہماری ڈیجیٹل ریٹنگ کے بارے میں پوچھا۔ نجم سیٹھی کے شو کی ٹی وی پر ریٹنگ 0.5 ہوتی تھی، جب کہ پی ایس ایل کو اب 11 سے زیادہ ریٹنگ مل رہی ہے۔ لہٰذا جب یہ مکمل ہوتا ہے تو یہ 18 یا 20 ہوسکتا ہے۔