نماز و افطار کیلئے مسجد نبویﷺ جانے سے پہلے رش کا پتہ چلانا ممکن

مسجد کے صحنوں میں نمازیوں اور زائرین کی بھیڑ کی صورتحال جاننے کی سروس عربی، انگریزی اور اردو میں دستیاب ہے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 25 مارچ 2023 16:53

نماز و افطار کیلئے مسجد نبویﷺ جانے سے پہلے رش کا پتہ چلانا ممکن
مدینہ منورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 مارچ 2023ء ) رمضان المبارک کے دوران نماز اور افطار کے لیے مسجد نبویﷺ جانے سے پہلے وہاں رش کا پتہ چلانا ممکن ہوگیا۔ العربیہ نیوز کے مطابق مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے امور کے لیے جنرل پریذیڈنسی کی ایجنسی نے مسجد نبوی ﷺ اور اس کے صحنوں میں نمازیوں کو ہجوم کی حالت سے آگاہ کرنے کے لیے تکنیکی سروس فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ نماز اور افطار کے اوقات میں آنے والے مسجد کے رش والے حصوں سے پہلے ہی آگاہی حاصل کرسکیں۔

ایجنسی نے بتایا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ کے صحنوں میں نمازیوں اور زائرین کی صورتحال کے حوالے سے جاننے کے لیے (eserv.wmn.gov.sa/e-services/prayers_map) پر سروس عربی، انگریزی اور اردو میں دستیاب ہے، جو مسجد نبوی ﷺ میں آنے والوں کو مسجد میں نماز پڑھنے سے قبل وہاں کی پوری صلاحیت کی حالت جاننے میں مدد دیتی ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ اس سروس سے مسجد نبوی ﷺ کے اندر 12 مقامات پر نماز کے لیے مخصوص مقامات میں مشرقی، مغربی اور شمالی توسیعات کے ساتھ مشرق و مغرب میں خواتین کے لیے مخصوص مقامات میں اپنی جگہ یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے، اسی طرح مسجد کے دیگر حصوں میں لوگوں کے ہجوم کی صورتحال سے بروقت آگاہی مل جاتی ہے۔

مسجد نبوی کے امور کے لیے جنرل پریذیڈنسی کی ایجنسی نے کہا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ اور اس کے صحنوں میں نمازیوں کے ہموار طریقے سے داخل ہونے اور باہر نکلنے کو منظم کرنے کے لیے آپریشنل منصوبہ پر عمل کیا جارہا ہے اور اس سروس کے ذریعے مسجد کے ہالوں اور صحنوں کے پر ہونے، رش ہونے، مکمل دستیاب ہونے یا غیر دستیاب ہونے کی حالت کو 4 رنگوں میں ظاہر کیا جاتا ہے، اس سے نماز کے اختتام سے پہلے اور بعد میں ہجوم کو منظم کرنے کی کوششوں میں بھی مدد ملتی ہے۔

متعلقہ عنوان :