عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 19 ڈالر کی کمی ہوگئی

پاکستان میں فی تولہ قیمت 1800 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت میں 1543 روپے کمی ہوئی ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 25 مارچ 2023 21:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مارچ 2023ء) عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں بڑی کمی کے باوجود پاکستان میں فی تولہ قیمت صرف 1800 روپے کم ہوسکی۔ صرافہ اینڈ جیولرزایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 1800 روپے کمی کے ساتھ 2 لاکھ 5 ہزار 700 روپے ہوگئی ہے۔ 10گرام سونے کی قیمت 1543 روپے کم ہوئی ہے۔ جس کے بعد دس گرام سونے کی قیمت کم ہوکر ایک لاکھ 76 ہزار 355 روپے ہوگئی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی فی اونس قیمت 19 ڈالر کمی ہوئی ہے، جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 1978 ڈالر ہوگئی ہے۔ اسی طرح فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق ہفتے کو مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 285 روپے پر برقرار رہی۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر 304روپے اور برطانوی پائونڈ کی قیمت فروخت 346 روپے پر مستحکم رہی۔

(جاری ہے)

سعودی ریال کی قیمت فروخت 10 پیسیے کی کمی سے 75.70 روپے رہی جبکہ یو اے ای درہم کی قیمت فروخت77.80روپے پر مستحکم رہی۔ دوسری جانب نیوز ایجنسی کے مطابق کراچی کے صارفین کے لئے بجلی 1.66 روپے مہنگی ہونے کا امکان ہے اس ضمن میں کے الیکٹرک نے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں دائر کردی۔ درخواست فروری کے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائر کی گئی ہے، اضافے سے صارفین پر ایک ارب 85 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

کے الیکٹرک کی بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر نیپرا 30 مارچ کو سماعت کرے گا۔اسی طرح پیسکو نے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 76 پیسے فی یونٹ اضافہ مانگ لیا۔ تفصیلات کے مطابق پیسکو کی بجلی صارفین سے 63 ارب روپے وصولی کی درخواست دائر کر دی گئی ،نیپرا اتھارٹی 5 اپریل کو درخواست پر سماعت کرے گی۔ مراعات کی مد میں 17 ارب 59 کروڑ روپے وصولی کی درخواست دائر کر دی گئی ،آپریشن اینڈ مینٹیننس کاسٹ کی مد میں 30 ارب 23 کروڑ 50 لاکھ وصولی کی درخواست دائر کی گئی ،روپے کی قدرمیں کمی کے فرق کے تحت 4 ارب 37 کروڑ 60 لاکھ روپے وصولی کی درخواست کی گئی ،پیسکو کی سابقہ ایڈجسٹمنٹس کی مد میں 17 ارب روپے وصول کرنے کی درخواست کی گئی ۔