حوثی باغیوں نے صنعامیں انسانی امدادی پروازوں کی آمد پر پابندی عائدکردی

فیصلہ یمن کے دارالحکومت سے آنے اورجانے والی تجارتی پروازوں پرمبینہ پابندی اور صنعا سے پروازوں کی بکنگ پر پابندی کے جواب میں کیا گیا ،بیان

اتوار 26 مارچ 2023 13:05

صنعا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2023ء) یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعا میں آنے والی اقوام متحدہ اور دیگر امدادی اداروں کی پروازوں پر سخت پابندیاں عایدکرنے کا اعلان کیاہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق حوثیوں کے زیرانتظام سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ 25 سے 30 مارچ کے درمیان صنعا میں انسانی بنیادوں پر کوئی پروازنہیں اترے گی۔

اس نے ایک بیان میں کہا کہ وہ صنعا میں صرف جمعہ کے روز اس طرح کی پروازوں کی اجازت دے گی۔

(جاری ہے)

حوثی باغیوں کاکہناتھا کہ یہ فیصلہ یمن کے دارالحکومت سے آنے اورجانے والی تجارتی پروازوں پرمبینہ پابندی اور صنعا سے پروازوں کی بکنگ پر پابندی کے جواب میں کیا گیا ہے۔اقوام متحدہ نے فوری طورپرتبصرہ کرنے کی درخواست کاجواب نہیں دیا۔صنعا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کوگذشتہ سال یمن کے متحارب فریقوں کے درمیان اقوام متحدہ کی ثالثی میں جنگ بندی کے معاہدے کے حصے کے طور پر تجارتی پروازوں کے لیے جزوی طورپرکھول دیا گیاتھا۔جنگ بندی کی مدت گذشتہ سال اکتوبرمیں ختم ہوگئی تھی لیکن اس کے بعد دونوں فریق جنگ بندی کی تجدید کے لیے کسی سمجھوتے تک پہنچنے میں ناکام رہے تھے۔

متعلقہ عنوان :