مودی بزدل اور اقتدار کے پیچھے چھپنے والا شخص ہے ، پرینکا گاندھی

اتوار 26 مارچ 2023 21:20

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2023ء) انڈین نیشنل کانگریس کی جنرل سیکرٹریپرینکا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو بزدل اور اقتدار کے پیچھے چھپنے والا شخص قرار دیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پرینکا گاندھی نے آج نئی دہلی میں ایک اجتماع سے خطاب کے دوران کہا کہ یہ وقت بیدار اور متحد ہونے کا ہے تاکہ کرپٹ اور غیر جمہوری حکومت کا مقابلہ کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت ہر اس آواز کو خاموش کرنے کی کوشش کر رہی ہے جو اسکے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام وسائل ایک شخص کو بیچے جا رہے ہیں ، لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں اورمہنگائی بلند سطح پر ہے۔پرینکا گاندھی نے کہا کہ بی جے پی حکومت اگر مجھے جیل میں بھی ڈال دے لیکن میں نہیں جھکوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے بھائی اور کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھارت جوڑو یاترا کے دوران ہم آہنگی، اتحاد کی بات کی اور وہ ایسی کوئی بات نہیں کر سکتا جو ملک کے مفاد میں نہ ہو ۔

انہوں نے کہا کہ راہول کو اس لیے پارلیمنٹ سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ وہ سوال نہ کر سکیں۔پرینکا گاندھی نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ میں میرے والد کی توہین کی گئی، میرے بھائی کو میر جعفر جیسا نام دیا گیا ہے جبکہ بی جے پی کے وزرا پارلیمنٹ میں میری ماں کی بھی توہین کرتے ہیں۔کانگریس کے صدر ملکارجن کھرنے اس موقع پر کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام سڑکوں پر نکل کر متکبر حکومت سے لڑیں۔