Live Updates

ن لیگ کا منصوبہ عمرانی فتنے کو ووٹ کی طاقت سے ختم کرنا ہے، رانا ثنا

پیر 27 مارچ 2023 00:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2023ء) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کا منصوبہ عمرانی فتنے کو ووٹ کی طاقت سے ختم کرنا ہے۔ اتوار کے روز ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں جو موجودہ سیاسی عدم استحکام اور افراتفری پھیلی ہوئی ہے اس کے ذمہ دار پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران نیازی ہیں جبکہ اس افراتفری کا جو بھی نتیجہ نکلے گا اس کی ذمہ داری صرف اور صرف عمران خان پر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ 2014 سے آج تک عمران اسی ایجنڈے پر ہے کہ ملک انتشار کا شکار ہو جائے۔وزیر نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں مسلم لیگ( ن) کے سیاسی وجود کو ختم کرنے کے لیے تمام غیر آئینی اقدامات کیے کیونکہ ان کے مطابق پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ اپوزیشن اور ہر وہ شخص ہے جو ان کا مخالف یا اختلاف رائے رکھتاہے ۔

(جاری ہے)

ملک کے اندرونی معاملات کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے اینکر کے پو چھے گئے پوائنٹ آف نو ریٹرن بارے سوال کے جواب میں رانا ثنائاللہ نے کہا کہ ہم نے عمران کو چارٹر آف اکانومی پر مدعو کیا تھا لیکن اس کے جواب میں ہماری بے عزتی کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ اختلاف رائے کو ماننے سے انکاری ہیں جبکہ انہوں نے سیاست کو دشمنی میں بدل دیا ہے۔اظہر مشوانی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر عمران خان کی جانب سے سیاسی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔انہوں نے انتخابات میں شفافیت کے حوالے سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ اگر انتخابات مرحلہ وار ہوئے تو کوئی بھی انتخابات کے نتائج تسلیم نہیں کرے گا اور اس سے ایک اور سیاسی بحران پیدا ہو جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات