وزیر اعلی ٰمحسن نقوی کا علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کااچانک دورہ، مریضوں کی مفت ادویات نہ ملنے کی شکایات کا نوٹس

پیر 27 مارچ 2023 22:34

وزیر اعلی ٰمحسن نقوی کا علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کااچانک دورہ، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2023ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مفت آٹا سنٹرز کے بعد علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کااچانک دورہ کیا۔ محسن نقوی نے ایمرجنسی،کڈنی اور دیگر وارڈز میں طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔محسن نقوی نے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ مریضوں نے مفت ادویات نہ ملنے کی شکایات کیں،جس پر محسن نقوی نے نوٹس لیتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ جیسے بڑے شہر کے سرکاری ہسپتال میں انجیو گرافی کی سہولت کا نہ ہونا افسوسناک ہے۔ہسپتال میں انجیو گرافی کی سہولت فوری شروع ہونی چاہیئے۔ محسن نقوی نے افضل الیکٹرانکس کے تعاون سے بنائے ہارٹ سنٹر کا بھی دورہ کیا اور علاج معالجے کی سہولتوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

بعض مریضوں نے علاج معالجے کی سہولتوں کے فقدان کے بارے میں شکایات کیں۔

محسن نقوی نے مریضوں کی شکایات نوٹ کیں اور ہسپتال انتظامیہ کو فوری ازالے کاحکم دیا۔محسن نقوی نے ہسپتال میں صفائی کے انتظامات کاجائزہ لیا اور مریضوں کو بہترین علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہاکہ مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے ڈاکٹرز اورعملہ ہمہ وقت ڈیوٹی پر موجود رہنا چاہیے۔ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال میں طبی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔