میٹرک امتحانات کلاس دہم وکمپوزٹ (اول سالانہ)کا آغازیکم اپریل 2023ء سے ہو گا، سیکرٹری ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد

بدھ 29 مارچ 2023 14:06

میٹرک امتحانات کلاس دہم وکمپوزٹ (اول سالانہ)کا آغازیکم اپریل 2023ء سے ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2023ء) ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کے زیراہتمام امتحان میٹرک کلاس دہم و کمپوزٹ (اول سالانہ)2023ء کا آغاز یکم اپریل بروز ہفتہ سے ہو گااس سلسلہ میں تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر سلیم تقی شاہ کے مطابق امتحان میں کل 158705طلباء وطالبات شرکت کریں گے جن کیلئے جھنگ‘ چنیوٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد کے چاروں اضلاع میں 553 الگ الگ امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کلاس دہم کا امتحان یکم اپریل تا 17 اپریل 2023 ء تک جاری رہے گا اسی طرح کلاس نہم کا امتحان 18 اپریل سے شروع ہو کر12 مئی 2023ء کو ختم ہو گا جبکہ عملی امتحانات(پریکٹیکلز)15 مئی سے شروع ہو کر 27 مئی 2023ء کو مکمل ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں بوٹی مافیا کے خاتمہ اور امتحانات کی شفافیت کو برقرار رکھنے کیلئے سخت انتظامات عمل میں لائے گئے ہیں تاکہ نقل کے رجحان کی بیخ کنی اور حق دار طلباء وطالبات کو ان کی محنت کا بھرپور ثمر مل سکے۔

(جاری ہے)

کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفرعلی نے بتایا کہ کلاس دہم و کمپوزٹ امتحان دینے والے تمام طلباء وطالبات کو ان کی رول نمبر سلپس جاری کر دی گئی ہیں ریگولر طلباء وطالبات کو ان کے اداروں کی وساطت جبکہ پرائیویٹ طلباء وطالبات کو ان کے داخلہ فارموں پر دیئے گئے گھروں کے پتہ جات پر رول نمبر سلپس بھیجی گئی ہیں تاہم اگر کسی پرائیویٹ امیدوار کو ابھی تک اس کی رول نمبر سلپ موصول نہ ہوئی ہو تو وہ فوری طور پر ٹھوس دستاویزی ثبوت کے ہمراہ ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کی میٹرک برانچ سے بالمشافہ رابطہ قائم کرے۔

کنٹرولر امتحانات نے کہا کہ اس سلسلہ میں اگر کسی کو معلومات درکار ہوں تو وہ ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کی ویب سائیٹ www.bisefsd.edu.pk ملاحظہ کرنے کے علاوہ کنٹرولر امتحانات کے دفتری فون نمبر0419330366پر بھی رابطہ کر سکتا ہے۔