کراچی سے افغان پاسپورٹ پر عمرے کے مسافرافغانی شہری سے پاکستانی پاسپورٹ برآمد

جمعرات 6 اپریل 2023 14:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2023ء) افغانستان کے پاسپورٹ پر کراچی سے عمرے پر جانے کیلئے جناح ائیرپورٹ پہنچے افغانی شہری کے قبضے سے جعلی ویزا اور ڈپارچر اسٹیمپ لگا پاکستانی پاسپورٹ بھی برآمد ہوا ہے جس پر اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای)امیگریشن حکام کے مطابق ایک مسافر سلطان غنی خاکسار افغانی پاسپورٹ نمبر P00413212 پر امارات ائیر لائن کی پرواز ای کے 603 سے دبئی کے راستے عمرے پر سعودی عرب جانے کیلئے ائیرپورٹ پہنچا۔

حکام کے مطابق پاسپورٹ کنٹرول سے ایگزیکٹ کلیئرنس کے عمل کے دوران مسافر کو مشکوک قرار دیا گیا اور وہ امیگریشن آفیسر علی شہریار کو مطمئن نہیں کر سکا جس پر مسافر کو مزید پوچھ گچھ کیلئے شفٹ انچارج انیس احمد کے پاس بھیجا گیا۔

(جاری ہے)

ابتدائی تفتیش اور سامان کی تلاشی کے دوران دستی بیگ سے مسافر کا ایک پاکستانی پاسپورٹ نمبر LD9826901 بھی برآمد ہوا۔

جس کے حصول کے بارے میں وہ تسلی بخش جواب نہیں دے سکا۔ مبینہ طور پر جعلی پاکستانی پاسپورٹ کے صفحہ نمبر 11 پاکستان سے روانگی کی نقلی ڈپارچر اسٹیمپ بھی لگی ہوئی پائی گئی جس پر روانگی کی تاریخ مبہم ظاہر ہو رہی ہے۔ حکام کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کے صفحہ نمبر 7پر سعودی عرب کا درست ورک ویزا بھی پروٹیکٹر مہر کے ساتھ موجود ہے۔ حکام کے مطابق مسافر کو جعلی پاکستانی پاسپورٹ ہونے کے شبے میں پرواز سے آف لوڈ کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے اور اسے مزید کارروائی اور تفتیش کے لیے ایف آئی اے کے ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔