برطانوی ہائی کمشنر کا اہلیہ کے ہمراہ نوشہرہ کے علاقے شیدو کا نجی دورہ

منگل 25 اپریل 2023 23:32

نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2023ء) برطانوی ہائی کمشنر انڈریو نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ نوشہرہ کے علاقے شیدو کا نجی دورہ کیا جہاں انہوں نے تاریخی مقامات میں کافی دلچسپی لی ۔ دبئی میں برٹش ہائی کمیشن کے ریجنل ہیڈ حسن طارق کی دعوت پر برطانوی ہائی کمشنر اینڈریو ڈالگلیش نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ عید کے دوسرے دن نوشہرہ کے علاقے شیدو میں محلہ خان خیل کا دورہ کیا ۔

اس موقع پر وہ خان بہادر محمد علی خان کے تاریخی گھر اور حجرے اورکرنل باز محمد خان کے تاریخی حجرے بھی گئے جبکہ سابق وفاقی وزیر غلام فاروق خان کے والد میر اسلم خان نے جو تاریخی مسجد اٹھارو سو نوے میں تعمیر کی تھی جسے اسپین جماعت کہتے ہیں کا بھی دورہ کیا ۔ برطانوی ہائی کمشنر نے پرانی تاریخی گلیوں اور تاریخی مکانات ، جن میں تاریخی مور چے بنے ہوئے تھے ، میں بھی کافی دلچسپی لی ۔

(جاری ہے)

برطانوی ہائی کمشنر کا استقبال دبئی میں برٹش ہائی کمیشن کے ریجنل ہیڈ حسن طارق ،اٹک آئل کے چیف ایگزیکیٹو عاد خان خٹک ،سینٹر نعما ن وزیر ،احتشام ظفر ،اقبال یوسف خٹک نے کیا ۔ برطانوی ہائی کمشنر کئی گھنٹے تک شیدو میں رہے ۔ اس موقع پر انہوں نے برطانوی دور حکومت کے تاریخی پس منظر میں کافی دلچسپی لی ۔ اس موقع پر عادل خٹک نے انہیں ضلع نوشہرہ ،خیبر پختون خواہ خصوصاً پشاور کے ساتھ قریب ہونے کے حوالے سے نوشہرہ کےتاریخی پس منظر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔

انہوں نے بتایا کہ نوشہرہ ہر دور میں صنعتی اور تجارتی مرکز رہا ہے یہاں پر نہ صرف افغانستان ،چین ،روس ،روسی تسلط سے آزاد ریاستیں ،قازقستان ، تاجکستان ، اذربائیجان،ترکمانستان ،کرغرستان کی منڈیوں تک رسائی بھی انتہائی آسان ہے اور نوشہرہ میں سب سے بڑا ڈرائی پورٹ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ نوشہرہ ایک بار پھر تجارتی حب بننے جارہاہے لہذا برطانیہ کو اس میں کافی دلچسپی لینی چاہیے ۔

برطانوی ہائی کمشنر اینڈیو نے بریفنگ کو خوش آئین قرار دیا اورکہا کہ بہت جلد اس پر تفصیلی رپورٹ لکھ کر برطانیہ بھجوائیں گے ۔ انہوں نے شیدو میں خان بہادر محمد علی خان کے تاریخی گھر اور حجراجو 1934میں تعمیر ہوا میں کافی دلچسپی لی اور گھر میں موجود کنواں چرخہ میں دلچسپی لیتے ہوئے پانی نکالنے کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔ واضح رہے کہ عید کے دوسرے دن بلجیم کے سفیر پیٹر کلازنے ارسلان خٹک کی دعوت پر اکوڑہ خٹک اور دورہ کیا تھا اور انہوں نے بھی عید کا دوسرا دن بڑا مصروف گزارا ۔ دونوں سفیروں نے الگ الگ ظہرانوں میں بھی شرکت کی۔