تحریک انصاف کو جھٹکا:گوجرخان سے راجہ امجد پہلوان کی سربراہی بڑا قافلہ پیپلزپارٹی میں شامل

ہفتہ 6 مئی 2023 22:58

ٍگوجر خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2023ء) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ہفتہ کے روز گوجر خان یونین کونسل پنجگراں کی مشہور و معروف سیاسی شخصیت سابق امیدوار جموں 6 کوارڈینیٹر پی ٹی آئی پنجاب راجہ امجد پہلوان آف تراکوال اور راجہ اشتیاق نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران راجہ امجد پہلوان آف تراکوال اور راجہ اشتیاق نے راجہ پرویز اشرف سے والہانہ وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو خیر آباد کہہ کر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین، مشیر وزیراعظم سردار سلیم حیدر، چیئرمین پی پی پی یونین کونسل پنجگراں چوہدری مناظر نواز مغل رانا مسعود بھی ہمراہ موجود تھے۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی مخلوط حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے ترجیح بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ پارلیمان عوامی اہمیت کے حامل اہم معاملات کے لیے قانون سازی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گوجر خان کی عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کو ہمیشہ عزت بخشی ہے جس کے نتیجے میں پارٹی قیادت نے بھی گوجر خان کی عوام کو مایوس نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت نے گوجر خان کی عوام سے گہری وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے مجھے بطور وزیراعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی کے آئینی عہدوں کی ذمہ داری سے نوازا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوجر خان کی عوام کی تواقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو دل و جان سے ویلکم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی میں نئے شمولیت اختیار کرنے والوں کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی میں پی ٹی آئی کو چھوڑ کر نئے شمولیت اختیار کرنے والے زعماء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا مقصد علاقے کی عوام کے مسائل اور پسماندگی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت ملک میں عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں وہ علاقے کی عوام کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ راجہ پرویز اشرف نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ترجیح بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں۔