آئی جی کا وانا پہنچنے شاندار استقبال ،وزیرستان پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی

وزیرستان پولیس نے مشکل حالات میں دہشتگردی کا بہادری سے مقابلہ کیا ،جانوں کے نذرانے پیش کرکے ملک وقوم کے سر فخر سے بلند کئے، اختر حیات خان گنڈاپور ضم شدہ اضلاع کے پولیس میں نئے اصلاحات لانے پر کام تیزی سے جاری ہے، ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں،کوئی کوتاہی نہیں کی جائے گی، پولیس افسران و اہلکاروں سے خطاب

پیر 8 مئی 2023 19:40

وانا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2023ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اخترحیات خان گنڈا پور کا وانا پہنچنے پر ڈی پی او جنوبی وزیرستان شبیر حسین مروت اور ڈی سی لوئر جنوبی وزیرستان محمد ناصر خان سمیت اعلی پولیس افسران نے شاندار استقبال کیا اس موقع پر وزیرستان پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور افسران نے پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔

اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن فضل سبحان، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر وانا نادر خان وزیر اور ایس پی سی ٹی ڈی اظہار شاہ بھی موجود تھے۔ ڈی ایس پی نادر خان وزیر نے قبائلی روایتی پگڑی پہنائی۔ آئی جی پی خیبرپختونخوا نے پولیس شہدا پیکیج کے تحت ورثا میں چیکس تقسیم کئے اور ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا اور شجر کاری مہم کے سلسلے میں ڈی پی او وانا آفس میں پودا لگایا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل ڈی پی او جنوبی وزیرستان شبیر حسین مروت نے آئی جی پی خیبر پختونخوا کو ویلکم کیا اور نامساعد حالات میں وانا کا دورہ کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا، ڈی پی او نے آئی جی پی کے پی کے کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیرستان میں پولیس کے بعض تھانے مکمل ہونے کے آخری مراحل میں ہیں اور بعض پر کام تیزی سے جاری ہے۔ اس موقع پر آئی جی پی خیبر پختونخوا پولیس اختر حیات خان گنڈا پور نے اے سی وانا جرگہ ہال میں پولیس افسروں و اہلکاروں کے ایک بڑے دربار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرستان کے پولیس نے بہت مشکل حالات میں دہشتگردی کا بہادری سے مقابلہ کیا اور اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے ملک وقوم کے سر فخر سے بلند کئے۔

ضم شدہ اضلاع کے پولیس میں نئے اصلاحات لانے پر کام تیزی سے جاری ہے، اور انکو ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ دربار میں ضم شدہ دو قبائلی اضلاع جنوبی وزیرستان لوئر اور اپر پولیس کے مختلف یونٹس کے ہر رینک کے افسران و اہلکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ دربار کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی اختر حیات خان نے کہا کہ قانون و انصاف کی بالادستی اور پولیس فورس کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیحات ہیں۔

سیکورٹی فورسز اور لائن فورسز ایجنسیز کا علاقے میں امن وامان کے قیام کیلئے بیش بہا قربانیاں ہیں اور انکی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ جنوبی وزیرستان سمیت قبائلی اضلاع کی پولیس کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، جنوبی وزیرستان کی پولیس کو جدید سہولیات سے لیس کیا جائے گا،پولیس میں تمام کام میرٹ پر کیا جائے گا، خیبرپختونخوا کے پولیس کے سربراہ نے پولیس دربارسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی وزیرستان اور قبائلی اضلاع کی پولیس کی لازوال قربانیاں ہم کبھی فراموش نہیں کرسکتے، عوام کی حفاظت کی خاطر اپنے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

آئی جی پی نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے پولیس کو ایک مثالی پولیس بنانے کیلئے حکومت ان کو تمام سہولیات سے عنقریب لیس کرے گی،اس میں کوئی کوتاہی نہیں کی جائے گی۔قبائلی اضلاع میں پولیس، خاصہ دار فورس اور لیویز فورس کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے اہلکاروں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انہوں نے کہاپولیس کی نوکری ایک مقدس پیشہ ہے اور پولیس کی وردی پہننے سے اہلکاروں کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پورے صوبے میں امن کے قیام کے لئے ایک ٹیم بن کر آگے بڑھیں۔

خیبر پختونخوا پولیس فورس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کانسٹیبل سے لیکر آئی جی رینک تک کے افسران نے ملک وقوم کے روشن مستقبل کیلئے اپنے آج کو قربان کرکے سنہری تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے انتہائی کٹھن حالات میں اپنی قیمتی جانوں کو ہتھیلی پر رکھ کر اپنے فرائض منصبی سر انجام دے کر لازوال قربانیاں دی ہیں۔ جس کی صورت نہیں بھولایا جاسکتا، پوری قوم پولیس کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہی. دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے خیبرپختونخوا پولیس کو جدید آلات اور تھرمل آئی سائیٹ ٹی آئی کیمرے، اسلحہ و ایمونیشن سے آراستہ کر رہے ہیں انہوں نے دربار کے شرکا پر زور دیا کہ وہ لوگوں کیساتھ حسن اخلاق کا مظاہرہ کرکے روایتی تھانہ کلچر کی تبدیلی میں اپنا کردار ادا کریں۔

پولیس اہلکار خوش اخلاقی، ایمانداری اور کام سے لگن کو اپنا شعار بنائیں، عوام کیلئے آسانیاں پیدا کریں اور کسی بھی موقع پر صبر کا دامن ہاتھ سے نہ جانے دیں۔ عوام کو خدمات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کے جوانوں کی ویلفیئر کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گی.پولیس کے بچوں کو بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کیلئے پولیس ڈیپارٹمنٹ ہر فورم پر اقدامات کرے گی، پولیس اہلکاروں، انکے اہل و عیال کو صحت کے یکساں سہولیات فراہم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی بچیوں کی شادی کے موقع پر انکی مالی امداد کی جائے گی، ضم شدہ قبائلی اضلاع سمیت فورس میں رائج سروس سٹریکچر اور ترقی کے منظم نظام کے تحت ہر ایک پولیس افسر اور اہلکار کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے۔پولیس دربار میں افسروں و اہلکاروں نے اپنے انفرادی اور اجتماعی مسائل پیش کئے، آئی جی پی نے ان کی تمام مسائل توجہ سے سننے کے بعد مسائل کے حل کے لئے موقع پر فوری احکامات جاری کئے۔

اس موقع پر ڈی پی او جنوبی وزیرستان شاہ بیر حسین مروت نے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات کو اعزازی سوینئیر پیش کیا. بعد ازاں آئی جی پی خیبر پختونخوا نے پولیس افسران میں بہادری کے حوالے انعامات تقسیم کئے اور ان کی کارکردگی کو خوب سراہا۔