سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے عالمی آئینی کنونشن میں شریک ایران، کرغزستان اور لبنان کے پارلیمانی وفود کی ملاقاتیں

جمعرات 11 مئی 2023 19:15

سپیکر  قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے عالمی آئینی کنونشن میں شریک ایران، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2023ء) قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف سے دستور پاکستان کی گولڈن جوبلی کی مناسبت سے منعقدہ عالمی آئینی کنونشن میں شریک ایران، کرغزستان اور لبنان کے پارلیمانی وفود نے جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقاتیں کیں ہیں۔ملاقاتوں میں خطے کے ممالک کو درپیش علاقائی اور عالمی چیلنجز، گولڈن جوبلی کی عالمی کنونشن سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سپیکر نے آئین کی گولڈن جوبلی کی تقریب کے سلسلے میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام بین الاقوامی آئینی کنونشن میں شرکت پر عالمی مندوبین کا شکریہ ادا کیا۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اہمیت کے حامل ہیں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو جمہوریت اور سماجی بہبود کی باہمی اقدار کی بنیادوں پر استوار ہیں۔

(جاری ہے)

سپیکر نے آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات میں جمہوریہ کرغزستان کی شرکت کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرغزستان کے صدر کے آنے والے دورے کا پرجوش طور پر منتظر ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بالخصوص توانائی اور مواصلات کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ ملے گی ۔ ایرانی پارلیمانی وفد نے پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے چیئرمین وحید جلال زادہ ممبر پارلیمنٹ کی قیادت میں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف راجہ پرویز اشرف سے بھی ملاقات کی۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ایرانی ایک بہادر قوم ہے جس نے حالیہ چیلنجوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور اتحاد و اتفاق سے ان چیلنجز کا مقابلہ کیا۔انہوں نے آئین کی گولڈن جوبلی تقریب کے موقع پر قرآن پاک کے نادر نسخوں کی نمائش کے کامیاب انعقاد پر ایرانی سفارت خانے کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے ایران سعودی عرب تعلقات کی بحالی کو پورے خطے کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا۔

وحید جلال نے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ مزید برآں سپیکر قومی اسمبلی نے ایرانی دورے کی دعوت کو گرم جوشی سے قبول کیا۔انہوں نے مختلف شعبوں، توانائی، مواصلات اور مذہبی سیاحت کے فروغ میں تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس ضرورت پر زور دیا کہ علاقائی امن اور سلامتی کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔

مزید برآں قاسم ہاشم ممبر قومی اسمبلی لبنان نے بین الاقوامی آئینی کنونشن کے موقع پر پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی۔سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری ترقی پسند اور متحرک جمہوریت کا کلیدی عنصر ہے اور اس لیے دونوں فریقوں کے درمیان پارلیمانی روابط کو فروغ دینا ضروری ہے۔اس موقع پر انجینئر صابرحسین قائم خانی بھی موجود تھے۔