غیرملکی ممنوعہ فنڈنگ ،الیکشن کمیشن نے سکروٹنی کمیٹی کو 15روز میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت

جمعرات 11 مئی 2023 21:53

غیرملکی ممنوعہ فنڈنگ ،الیکشن کمیشن نے سکروٹنی کمیٹی کو 15روز میں رپورٹ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2023ء) غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ ،الیکشن کمیشن نے سکروٹنی کمیٹی کو 15روز میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے ،کمیشن نے سندھ بلدیاتی انتخابات میں بے ضابطگیوں کے معاملے پر 15مئی کو کیس سماعت کے لئے مقرر کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمیشن سے رپورٹ طلب کر لی۔جمعرات کے روزچیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا ایک اہم اجلاس ہوا جس میں متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کمیشن نے سکروٹنی کمیٹی کو ہدایات جاری کیں کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کی ممنوعہ فنڈنگ کے حوالے سے رپورٹ 15 دن کے اندر کمیشن کو جمع کرائیں اس کے علاوہ این اے 108 فیصل آباد ، این اے 118 ننکانہ صاحب اور این اے 239 کورنگی سے قومی اسمبلی کی تین نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ 28 مئی کو کرانے کا فیصلہ کیا گیا کمیشن نے سندھ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جماعت اسلامی کے خطوط اور شکایات پر غور بھی کیا اس کے علاوہ7 مئی کے ضمنی انتخابات میں یونین کونسل 119 حیدر آباد میں بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے کمیشن نے 15 مئی کو کیس سماعت کے لئے مقرر کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر، آر او، ڈی آر او، ڈی پی او سے 3 دن میں رپورٹ طلب کی ہے جبکہ امیدواران، آر او ، ڈی آر او، متعلقہ عملہ اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر کو 15 مئی کمیشن کے سامنے پیش ہونے کے لئے نوٹسز بھی جاری کئے گئے ہیں۔