م*ایف آئی اے بہاولپور کا ورکشاپ پر چھاپہ، کر کروڑوں روپے کے ٹرانسفارمر برآمد

اتوار 21 مئی 2023 21:40

, بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2023ء) ایف آئی اے بھاولپور سرکل نے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث بجلی ٹرانسفارمر ورکشاپ پر چھاپہ مار کر چشتیاں میں واقع میپکو کے ٹرانسفارمر برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا ۔چھاپے کے دوران ٹرانسفارمر کی باڈیاں، غیر معیاری تیل، کوائلز کاپر میٹریل برآمد کر لیا گیا۔موقعہ سے بڑی تعداد میں ٹرانسفارمرز ، قیمتی آئل اور کاپر کے علاوہ غیر معیاری سلور کوائلز بر آمد کر لی گئی۔

میپکو کے ٹرانسفامرز غیر قانونی طور پر سٹور کر کے ان سے قیمتی کاپر اور آئل چوری کیا جا رہا تھا۔ ملزم میپکو افسران واہلکاروں کی ملی بھگت سے ٹرانسفارمرز سے قیمتی کاپر اور آئل نکال کر ان میں سستا اور غیر معیاری آئل اور سلور کوائل ڈالا جاتا تھا۔

(جاری ہے)

غیر معیاری آئل اور سلور کوائل سے لائن لاسسز کی صورت میں حکومت پاکستان کو کروڑوں کا نقصان ہورہا تھا چوری شدہ کاپر اور آئل مارکیٹ میں انتہائی مہنگے داموں فروخت کر کے میپکو اور حکومت پاکستان کو مالی نقصان پہنچایا جا رہا تھا ۔

ملزم ناظم بٹ آئیسکو اہلکاروں کی ملی بھگت سے ایک دوسرے کو مالی فائدہ پہنچا رہے تھے۔ ٹیکنیکل رپورٹ کی روشنی میں ملزم سے تفتیش کا آغاز کیا جائے گا ۔ اس گھناونے جرم میں ملوث میپکو افسران و اہلکاروں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ایک اور چھاپہ مار کارروائی میں ٹیم نے ڈرگ انسپیکٹر کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بہاولنگر کے علاقے سے جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات برآمد کر لی۔

غیر رجسٹرڈ ادویات کی فروخت سے سادہ لوح لوگوں کی زندگیوں سے کھیلا جا رہا تھا ۔تعدد غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ ادویات کو قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔تیسری کارروائی میں ٹیم نے جیولری کی آڑ میں حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم محمد اصغر کو ہارون آباد کے علاقے فقیر ولی سے گرفتار کیا گیا اور ملزم کے قبضے سے 1000 سعودی ریال، 26600 روپے مالیت کے عمانی ریال اور پرائز بانڈ، 26600 روپے، موبائل اور ہنڈی حوالہ سے متعلق رسیدیں برآمد کر لی گئی جبکہ ملزم کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا /مزید تفتیش جاری ہے۔