پاک فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئے پیپلز پارٹی پنڈی گھیب کی جانب سے ریلی نکالی گئی

پیر 22 مئی 2023 21:04

اٹک، 22 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2023ء) پاک فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی پنڈی گھیب کی جانب سے پاک فوج زندہ باد ریلی نکالی گئی جس کی قیادت وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل سردار سلیم حیدر خان اور امیدوار حلقہ پی پی چار ملک ریاست علی سدھریال نے کی۔ ریلی ڈھلیاں چوک سے شروع ہو کر کالج چوک پنڈی گھیب، بنہوڑہ چوک ، بوائز ہائی سکول چوک ، گھوڑا چوک ، گلزاہ آباد ، تھانہ روڈ اور ظفر چوک سے لیکر کمیٹی چوک پر اختتام پذیر ہوئی ۔

پاک فوج زندہ باد ریلی کا اہتمام پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل پنڈی گھیب کے قائدین نے کیا ۔ ریلی میں شریک شرکاء نے پاک افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔

(جاری ہے)

ریلی میں سیدہ امہ حبیبہ ڈسٹرکٹ انفارمیشن سیکرٹری خواتین ونگ کی قیادت میں خواتین نے خصوصی طور پر شرکت کی اور پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

ڈھلیاں چوک سے شروع ہونے والی ریلی میں گاڑیوں اور موٹر سائیکل پر سوار شرکاء نے پاک فوج کے حق میں بینرز ، پلے کارڈز اور پاکستانی پرچم اٹھا رکھے تھے ۔ ریلی میں پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق ضلع نائب ناظم ملک محمد ثمین خان ، بزرگ سیاست دان و سابق پارلیمانی سیکرٹری آصف علی ملک ایڈووکیٹ ، پیپلز پارٹی کے رہنما ملک عامر علی خان ، سابق امیدوار صوبائی اسمبلی و تحصیل صدر حاجی ملک اختر ، ضلعی صدر سردار اشعر حیات ، ضلعی نائب صدر ملک محمد عمر خان ، تحصیل جنرل سیکرٹری ملک فیصل منیر ، سٹی صدر ملک عدنان صادق ایڈووکیٹ، ملک محمد عادل تحصیل صدر پی وی او ، ملک شریف اعوان تحصیل صدر لیبر ونگ ، کارکنان ، سول سوسائٹی اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

شرکاء کی جانب سے ریلی میں پاکستان آرمی اور پاک افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے زبردست نعرے بازی کی گئی ۔ ریلی میں شریک وزیر مملکت سردار سلیم حیدر خان ، ملک ریاست سدریال اور دیگر قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی وجہ سے ہم اپنے گھروں میں چین کی نیند سوتے ہیں ، سرحدوں کے ساتھ ساتھ زلزلہ ہو یا سیلاب ہر سانحات میں پاک فوج اپنے لوگوں کی مدد کو پہنچی ، مقررین نے کہا کہ دشمن چاہتا ہے کہ پاک فوج کو ملک کے اندر سے کمزور کیا جائے لیکن ہم ایسا کبھی نہیں ہونے دینگے ، انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاک فوج کے ساتھ شانی بشانہ کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے۔\378