سرگودھا یونیورسٹی میں حیاتیاتی تنوع کے بین الاقوامی دن کے سلسلے میں سیمینار کا انعقاد

پیر 22 مئی 2023 23:33

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2023ء) سرگودھا یونیورسٹی میں شعبہ باٹنی کے زیر اہتمام حیاتیاتی تنوع کے بین الاقوامی دن کے سلسلے میں ایک روزہ سیمینار کا انعقادکیا گیا جس میں حیاتیاتی تنوع کے تحفظ،ماحولیاتی تبدیلیوں اور پائیدار ترقی کیلئے بائیوڈائیورسٹی سے متعلق علم و تحقیق کے فروغ بارے شعور بیدار کیا گیا۔ سیمینار میں پروفیسر ایگریکلچر یونیورسٹی ڈاکٹر ممتاز حسین سیال نے بذریعہ زوم شرکت کی جبکہ دیگر شرکاء میں چیئرمین شعبہ باٹنی ڈاکٹر عامر علی، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عبد الغنی، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹرمحمد وارث سمیت فیکلٹی ممبران اور طلبا و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرممتاز حسین نے کہا کہ مسلسل بڑھتی آلودگی کے ماحول پر اس قدر خطرناک اثرات مرتب ہو رہے ہیں کہ حیوانات اور نباتات کی بہت سی انواع آہستہ آہستہ معدوم ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اِسی لیے حیاتیاتی تنوع کے بچاؤ کا شعور بیدار کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیاتیاتی تنوع کی حفاطت اتنی ہی ضروری ہے جتنی کہ انسانی زندگی اہمیت کی حامل ہے۔

ڈاکٹر عامر علی نے کہا کہ حیاتیاتی تنوع کو منفی تبدیلیوں سے بچانے کے لیے جس قدر ممکن ہو شجرکاری کی جائے، درختوں کی کٹائی کم کی جائے،فیکٹریوں اور گھروں کی گندگی پانی میں نہ پھینکی جائے، زہریلے دھوئیں کے اخراج پر کنٹرول کیا جائے،جانوروں کے شکار پر پابندی لگائی جائے اور ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ ڈاکٹر عبد الغنی نے کہا کہ اس کانفرنس میں ماحولیاتی تحفظ پر خصوصی زور دیا گیا۔ اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد دنیا کے تمام لوگوں کو حیاتیاتی تنوع کے بارے میں آگاہ کرنا ہے تاکہ دنیا کے حیاتیاتی تنوع کو برقرار رکھا جاسکے اور اس کی حفاظت کی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :