ٹیلنٹ ہنٹ کے بعد پشاور زلمی کا چار ٹیمیں بنانے کا فیصلہ

بیس نوجوان کرکٹرز کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کوچنگ فراہم کی جائے گی

بدھ 24 مئی 2023 22:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2023ء) ٹیلنٹ ہنٹ کے بعد پشاور زلمی نے چار ٹیمیں بنانے کا فیصلہ کرلیا ،بیس نوجوان کرکٹرز کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کوچنگ فراہم کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ فرنچائز پشاور زلمی کے زیر اہتمام ہونیوالے زلمی ٹیلنٹ ہنٹ کے کے دوسرے روز بھی حیات آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹرائلز کا سلسلہ جاری رہا۔

اوپن ٹرائلز میں دس ہزار سے زائد نوجوان کرکٹرز نے رجسٹریشن کرائی۔ دوسرے روز شارٹ لسٹ کرکٹرز کے مزید ٹرائلز ہوئے۔

(جاری ہے)

پشاور زلمی کے ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم نے کہا کہ ٹرائلز کے بعد بابر اعظم الیون، ڈیرن سیمی الیون، انضمام الحق الیون اور کامران اکمل الیون کے نام سے چار ٹیمیں بنائی ہے۔ ان ٹیموں کے درمیان(آج)جمعرات سے میچز کرائیں گے۔

اس کے بعد بیس نوجوان کرکٹرز پرمشتمل زلمی ینگ الیون ٹیم منتخب کریں گے۔ ان بیس نوجوان کرکٹرز کو پی سی بی کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں کوچنگ سہولیات فراہم۔کریں گے۔ محمد اکرم نے کہا کہ ٹرائلز کے دوران بہترین ٹیلنٹ نظر آیا اور پوری امید ہے کہ یہ نوجوان کرکٹرز مستقبل میں، پشاور زلمی، خیبر پختونخواہ اور پاکستان کے لیے اثاثہ ثابت ہوں گے۔