پاکستان اور سعودی عرب کا صحت کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

سعودی عرب پاکستانی ڈاکٹرز، نرسز اور میڈیکل ٹیکنیشنز کو ملازمتیں دے گا‘ دونوں ممالک وبائی امراض اور ہیلتھ سکیورٹی کے حوالے سے مل کر کام کریں گے۔ ترجمان وزارت صحت

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 25 مئی 2023 11:18

پاکستان اور سعودی عرب کا صحت کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
جنیوا ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 مئی 2023ء ) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان صحت کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوگیا، سعودی عرب پاکستانی ڈاکٹرز، نرسز اور میڈیکل ٹیکنیشنز کو ملازمتیں دے گا، اس کے علاوہ دونوں ممالک وبائی امراض اور ہیلتھ سکیورٹی کے حوالے سے مل کر کام کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے جنیوا میں سعودی وزیر صحت فہد بن عبدالرحمن الجلاجیل سے ملاقات کی، دونوں وزرائے صحت نے ایک دوسرے کا گرمجوشی سے استقبال کیا، وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی گزشتہ آٹھ ماہ میں سعودی ہم منصب سے یہ دوسری ملاقات تھی، ملاقات میں پاکستان کے جنیوا میں تعینات اقوام متحدہ کے نائب مندوب زمان مہدی بھی موجود تھے۔

ترجمان وزارت صحت نے بتایا ہے کہ ملاقات میں صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی، اس دوران پاکستان اور سعودی عرب نے صحت کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، سعودی وزیر صحت نے پاکستان کے ساتھ وبائی امراض اور ہیلتھ سیکیورٹی کے حوالے سے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پاکستانی ڈاکٹرز، نرسز اور میڈیکل ٹیکنیشنز کو سعودی عرب میں زیادہ مواقع دینے پر اتفاق ہوا، بارڈر ہیلتھ سروسز پاکستان کا ادارہ موثر انداز میں وباؤں سے نمٹنے کیلئے پر عزم ہے، دونوں ممالک کووڈ 19 اور متعدد وبائی امراض کی ویکسین میں مل کر ریسرچ کریں گے، سعودی عرب کے تعاون سے گلوبل ہیلتھ سیکورٹی کے حوالے سے اسلامی ممالک میں صحت سیکورٹی کا جال بچھایا جائے گا۔

اس موقع پر سعودی وزیر صحت نے کہا کہ بارڈر ہیلتھ سکیورٹی اور گلوبل ہیلتھ سیکورٹی کے معاملات پر پاکستان کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔