وکٹیں لے رہا ہوں اور 100فیصد دیتا ہوں، اسپیڈ سے فرق نہیں پڑتا‘ شاہین

اگر وقت کے ساتھ میری بولنگ اسپیڈ میں کمی آئی ہے تو وقت کے ساتھ ساتھ بہتری بھی دیکھی جائیگی

ہفتہ 27 مئی 2023 19:35

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2023ء) قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ وکٹ لینا اسپیڈ سے زیادہ اہم ہے تاہم وقت اور کھیلے جانے والے میچز کے ساتھ ساتھ اچھے بولر کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ایک انٹرویو کے دوران شاہین نے اپنی پیس کے حوالے سے زیر گردش بیانات پر گفتگو کی جس میں انہوں نے کہا کہ پیس کے حوالے سے ہر ایک کا اپنا نظریہ ہے، جب آپ 110کی اسپیڈ سے بولنگ کروارہے ہیں اور وکٹیں بھی لے رہے ہوں تو آپ مطمئن ہوتے ہیں، میں وکٹس لے رہا ہوں اور فیلڈ میں اپنا 100فیصد دیتا ہوں جو کہ اسپیڈ سے زیادہ اہم ہے ،اسپیڈ سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن اگر وقت کے ساتھ میری بولنگ اسپیڈ میں کمی آئی ہے تو وقت کے ساتھ ساتھ اس میں بہتری بھی دیکھی جائے گی۔

ٹی ٹونٹی ورلڈکپ اور انجری کے حوالیسے بات کرتے ہوئے شاہین کا کہنا تھا کہ میں ورلڈکپ سے دو ماہ قبل انجری کا شکار ہوگیا تھا جس کے بعد مجھے فیلڈ میں واپسی میں بھی وقت لگا، ایک کھلاڑی کھیلے جانے والے میچز سے فٹنس بہتر محسوس کرتا ہے، میں بھی پی ایس ایل کے بعد میں خود کو مزید بہترمحسوس کررہا ہوں، اسی کے ساتھ میں نے پاکستان کیلئے انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے تاہم مستقبل میں کھیلے جانے والے میچز کے ساتھ مزید بہتری لائوں گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے شاہین شاہ کی بولنگ اسپیڈ پر بات کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا تھا۔رمیز راجا کا کہنا تھا پچز پر موثر کردار نبھانے کیلئے شاہین شاہ کو اپنی بولنگ تکنیک میں ویریشن لانی ہوگی، سابق چیئرمین نے ساتھ ہی اور شاہین کو اسپیڈ بڑھانے کا مشورہ دیا تھا۔