ڈاکوؤں کی پشت پناہی کرنیوالے سیاستدانوں کی پروفائل آ گئی ہے،سینیٹر جام مہتاب

پولیس، صحافیوں، سول سوسائٹی سمیت سب کو پتہ ہے میں نام نہیں بتا سکتا، کارروائی ضرور ہونی چاہیے، میڈیا سے گفتگو

اتوار 28 مئی 2023 15:15

گھوٹکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر جام مہتاب ڈہر نے کہا ہے کہ سیاستدانوں میں جو ڈاکوؤں کی پشت پناہی کر رہے ہیں ان کی پروفائل آ گئی ہے،پولیس، صحافیوں، سول سوسائٹی سمیت سب کو پتہ ہے میں نام نہیں بتا سکتا، کارروائی ضرور ہونی چاہیے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر جام مہتاب نے کہا کہ پولیس، صحافیوں، سول سوسائٹی سمیت سب کو پتہ ہے میں نام نہیں بتا سکتا، کارروائی ضرور ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جو جدید اسلحہ ڈاکوؤں کے پاس ہے وہ پولیس کے پاس بھی نہیں، اسی لیے پولیس نے نقصان اٹھایا۔جام مہتاب نے کہا کہ سکھر ملتان موٹر وے کو محفوظ کرنے کیلئے سینکڑوں پولیس چوکیاں قائم کی گئی ہیں، پہلے اتنی بدامنی نہیں تھی، اچانک جرائم میں اضافہ پکے کے لوگوں کی پشت پناہی شامل ہے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے سینیٹر نے کہا کہ ڈاکوؤں سے ملے پکے کے سرپرستوں کو پکڑ لیا جائے تو امن ہو جائے گا، پکے کے سہولت کار اغواء ڈکیتی میں کچے کے ڈاکوؤں سے ملے ہوئے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ 1000 سے زائد کاروباری افراد کو ڈاکوؤں کی جانب سے چٹھی اور دھمکیاں آئی ہیں، لوگوں نے تحفظ اسی میں سمجھا کہ ڈاکوؤں کو پیسے دے دیں۔جام مہتاب نے کہا کہ پولیس کارروائی کرے تو میں بھی تعاون کرنے کو تیار ہوں، اغواء اور بھتہ خوری سے ڈر کر بہت سے کاروباری خاندان نقل مکانی کر گئے ہیں۔