ڈاکوئوں کی پشت پناہی کرنیوالے سیاستدانوں کی پروفائل آ گئی ہے، سینیٹر جام مہتاب ڈہر

اتوار 28 مئی 2023 16:55

گھوٹکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2023ء) پیپلز پارٹی کے سینیٹر جام مہتاب ڈہر نے کہا ہے کہ سیاستدانوں میں جو ڈاکوئوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں ان کی پروفائل آ گئی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر جام مہتاب نے کہا کہ پولیس، صحافیوں، سول سوسائٹی سمیت سب کو پتہ ہے میں نام نہیں بتا سکتا، کارروائی ضرور ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جو جدید اسلحہ ڈاکوئوں کے پاس ہے وہ پولیس کے پاس بھی نہیں، اسی لیے پولیس نے نقصان اٹھایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سکھر ملتان موٹر وے کو محفوظ کرنے کے لیے سینکڑوں پولیس چوکیاں قائم کی گئی ہیں، پہلے اتنی بدامنی نہیں تھی، اچانک جرائم میں اضافہ پکے کے لوگوں کی پشت پناہی شامل ہے۔پیپلز پارٹی کے سینیٹر نے کہا کہ ڈاکوئوں سے ملے پکے کے سرپرستوں کو پکڑ لیا جائے تو امن ہو جائے گا، پکے کے سہولت کار اغوا ڈکیتی میں کچے کے ڈاکوں سے ملے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ 1000 سے زائد کاروباری افراد کو ڈاکوں کی جانب سے چٹھی اور دھمکیاں آئی ہیں، لوگوں نے تحفظ اسی میں سمجھا کہ ڈاکوں کو پیسے دے دیں۔جام مہتاب ڈہر نے یہ بھی کہا کہ پولیس کارروائی کرے تو میں بھی تعاون کرنے کو تیار ہوں، اغوا اور بھتہ خوری سے ڈر کر بہت سے کاروباری خاندان نقل مکانی کر گئے ہیں۔