ایم ڈی واسا کے بارش کے بعد شہر اولیاء میں مختلف علاقوں کا دورہ

اتوار 28 مئی 2023 19:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2023ء) ملتان میں اتوار کی سہ پہر پری مون سون موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوتے ہی منیجنگ ڈائریکٹر واسا چوہدری محمد دانش نے واسا میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام سیوریج، ڈسپوزل اسٹیشن ڈویژنوں کے افسران، سٹاف کو اپنی اپنی حدود میں بارش کے پانی کی نکاسی کے لئےہدایات جاری کیں۔تفصیلات کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر واسا چوہدری محمد دانش نے ڈائریکٹر ورکس عارف عباس کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا،نکا سی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا ،ڈسپوزل سٹیشن کی ورکنگ کا معائنہ کیا۔

انہوں نے طوفانی بارش کے پیش نظر تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو فل کیپیسٹی پر چلانے، افسران کو ہائی الرٹ رہنے اور نکاسی آب کا آپریشن مکمل ہونے تک فیلڈ میں موجودگی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے لوڈ شیڈنگ کے دوران بیشتر ڈسپوزل اسٹیشن کو جنریٹرز پر چلانے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

ایم ڈی واسا نے اہم شاہراہوں اور میٹرو روٹ سمیت نشیبی علاقوں سے بھی بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کرنے اور متعلقہ سیوریج سٹاف کو سڑکوں خصوصاً پونڈگ ایریا میں مین ہولز کورز ہٹانے، سکر مشینوں کے ذریعے پانی اٹھانے کی ہدایت کی۔

ڈائریکٹر ورکس نے اس دوران ایم ڈی واساکو بارش سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ بارش کڑی جمنداں ڈسپوزل اسٹیشن پر 80ملی میٹر، پرانا شجاع آباد روڈ پر58 ملی میٹر جبکہ چونگی نمبر 9 ڈسپوزل اسٹیشن پر 66 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا چوہدری محمد دانش نے طوفانی بارش کے دوران انڈر پاس سے بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کرنے اور ٹریفک کی روانی میں کسی بھی قسم کا خلل نہ پڑنے پر متعلقہ سٹاف کو شاباش دی۔ انہوں نے شہری علاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی سی تک تمام افسران و ملازمین کی فیلڈ میں موجودگی یقینی بنانے اور آئندہ بارش کی پیشنگوئی کے باعث الرٹ رہنے کا حکم بھی دیا۔