جمہوریت کا حسن مکالمہ ہے، انتقامی سیاست نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہچادیا ہے، عثمان محی الدین نورانی

پیر 29 مئی 2023 21:59

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2023ء) انجمن طلبہ اسلام پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل عثمان محی الدین نورانی نے کہا ہے کہ طلبہ کسی بھی قوم کے مستقبل کے معمار ہوتے ہیں اور موجودہ تہذیب کے آئینہ دار ہوتے ہیں، تعلیم کسی بھی معاشرے کا بنیادی حق ہے اور حکومتیں ذمہ دار ہوتی ہیں کہ تعلیم آسانیاں فراہم کریں، موجود ہ حالات میں ملک ہیجان میں مبتلا ہے، سوچ و فکر کے تضاد نے طلبہ کو بھی شدید متاثر کیا ہے، سیاسی تنظیمیں و فکر کبھی ختم نہیں ہو پاتی ہیں، معاشرے اسی طرح پڑوان چڑھتے رہتے ہیں، لیکن نفرت کا سودہ کبھی بھی کسی معاشرے کو فلاحی معاشرہ نہیں بنا سکتا ہے، ملک کے دانشوروں، اسکالرز اور ہر طبقے کی کمیونٹی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، موجودہ معاشی صورتحال، نقص امن اور سیاسی و ادارہ جاتی رسہ کشی میں ہر مسئلے کا حل مفاہمت ہے،صلاح کا ذکر اللہ عزوجل قرآن میں بھی کرتا ہے، صلاح میں پہل کرنے والا اللہ کو زیادہ پسند ہے، انجمن طلبہ اسلام ضلع پشاور کے زیر اہتمام امام نورانی طلبہ سیمینار میں آئین پاکستان کے موجد، تحریک ختم نبوتﷺ کے قائد اور ورلڈ اسلامک مشن کے چئیرمین امام شاہ احمد نورانی صدیقی کو خراج عقید پیش کیا گیا، اس موقع انجمن طلبہ اسلام پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل عثمان محی الدین نورانی کہا کہ جمہوریت کا حسن مکالمہ ہے، انتقامی سیاست نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہچادیا ہے، سب سے زیادہ نقصان طلبہ برادری اور متوسط و غریب طبقے کا ہوا۔

(جاری ہے)

عدالت کو مرکزی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے،امام شاہ احمد نورانی صدیقی سیاسی اتحادوں اور مفاہمت کے جھومر تھے اور بلند مرتبہ و بلند حوصلہ قائد تھے، وہ پاک فوج میں صلاح الدین ایوبی کی پیشن گوئی پر یقین رکھتے تھے اور آئین پاکستان کے تقدس کو بھی مقدم جانتے تھے، جمعیت علماء پاکستان و شباب اہل سنت کے صوبائی رہنما علامہ معراج الدین سرکانی نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے تعلیمی ادارے اور طلبہ بے آسرہ محسوس کر رہے ہیں،وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ تعلیمی اداروں کا فنڈ جاری کیا جائے،طلبہ کے مستقبل کو سیاست کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے، طلبہ سیمینار سینامور ادبی شخصیت پروفیسر نور حکیم جیلانی، حسن نظامی و ریجنل ناظم ریاض سرکانی و معاون کنوینر حمزہ چشتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں مستقبل کے طلبہ کے لئے اچھی مثال قائم کرنے کی ضرورت ہے، جس کے لئے تمام اکائیوں کو مکالمہ کی طرف آنا ہوگا۔

طلبہ سمینار کے ساتھ ساتھ انجمن طلبہ اسلام ریجن پختونخواہ، ضلع پشاور، ضلع خیبر اور ضلع مردان کے انتخابات بھی عمل میں لائے گئے، مرکزی سیکرٹری جنرل عثمان محی الدین نورانی نے منتخب ذمہ داران سے حلف لیا۔