راولپنڈی ، مئی کے دوران گیس لیکج اور سلنڈر بلاسٹ کے 16 حادثات میں چھ افراد جاں بحق ہوئے

پیر 29 مئی 2023 20:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2023ء) راولپنڈی میں ماہ مئی کے دوران اب تک گیس لیکج اور سلنڈر بلاسٹ کے 16 حادثات میں چھ افراد جاں بحق جبکہ11 دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔ یہ بات میڈیا کوآرڈینیٹر ریسکیو 1122 محمد عثمان گجر نے ایک عوامی آگاہی پیغام میں بتائی۔

(جاری ہے)

محمد عثمان گجر نے کہا کہ ہفتہ کو شمش آباد اور اتوار کو پیپلز کالونی میں گیس لیکج کی وجہ سے دھماکوں کے واقعات میں چار بہن بھائی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ دوسرے حادثہ میں ایک نوجوان ہلاک ہوا اور سات دیگر اہلخانہ زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ حادثات عام طور پر چولہا بند نہ کرنے کی وجہ سے یا گیس والو کھلا رہنے کی وجہ سے پیش آتے ہیں۔ انہوں کہا کہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لئے رات سونے سے پہلے چولہا اور گیس والو کو بند کرنا چاہئے اور ہمیشہ اعلیٰ کوالٹی کا ایل پی جی سلنڈر استعمال کریں، گھر میں گیس لیکیج محسوس ہو تو فوری طور پر نہ پنکھا چلائیں اور نہ ہی لائٹ بلکہ گھر کے دروازے اور کھڑکیاں کھول دیں۔