دوران پرواز بچے کی پیدائش، قطرایئرویز کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

طیارہ رن وے پر اترنے کے بعد خاتون کو جہاز پر ہی ضروری طبی امداد دیکر ماں بچے کو ہسپتال منتقل کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 30 مئی 2023 10:35

دوران پرواز بچے کی پیدائش، قطرایئرویز کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 مئی 2023ء ) کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پردوحہ سے منیلا جانے والے طیارے کو طبی بنیادوں پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑگئی۔ ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق دوحہ سے فلپائن کے شہر منیلا جانے والے مسافر بردار طیارے کی کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ ہوئی، قطر ائرویز کی پرواز کیو ار 934 رات گئے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری کیوں کہ قطر ائیرویز دوحہ سے منیلا جانے والی فلائٹ کے کپتان نے پرواز پر حاملہ خاتون کو تکلیف کے باعث لینڈنگ کی اجازت طلب کی تھی۔

بتایا گیا ہے کہ طیارہ رن وے پر اترنے کے بعد خاتون کو جہاز پر ہی ضروری طبی امداد دی گئی، لینڈنگ پر ڈاکٹرز اور ایمبولینس موقع پر پہنچے تاہم بچے کی پیدائش ہوچکی تھی، خاتون جورابل ہرموسیلا کا تعلق فلپائن سے ہے، ماں بچے کو مزید نگہداشت کے لیے کراچی میں ہی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے قطر کے دارالحکومت دوحہ جانے والی بھارتی پرواز نے اس وقت کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی، جب ایک مسافر کی طبیعت ناساز ہونے پر بھارتی ائیرلائن کے طیارے کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت دی گئی، جس کے لیے بھارتی ائیرلائن کے کپتان نے میڈیکل ایمرجنسی کی اطلاع دی تاہم پرواز کا مسافر طیارے کی لینڈنگ سے قبل ہی دوران پرواز انتقال کرگیا۔

اس سے قبل بھارت سے بحرین جانے والے 2 طیاروں کی بھی کراچی ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ ہوئی تھی، طیاروں کی کراچی ایئرپورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ ہوئی، دونوں طیارے بھارتی شہر ناگپور سے بحرین جارہے تھے، دونوں پرائیویٹ جیٹ طیارے چینی کمپنی کے تھے، طیاروں کے کپتانوں نے کراچی ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا اور کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت طلب کی، لینڈنگ کی اجازت ملتے ہی طیاروں کو اتارا گیا، طیاروں کو ری فیولنگ کیلئے لینڈنگ کی اجازت دی گئی، طیارے 12گھنٹے تک کراچی ایئرپورٹ پر موجود رہے، ری فیولنگ کے بعد دونوں طیارہ واپس بحرین کیلئے روانہ ہوگئے۔