قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کی پانچ رپورٹیں ایوان میں پیش کر دی گئیں

منگل 30 مئی 2023 18:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2023ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی (پٹرولیم ڈویژن) کی بلوچستان میں ایرانی گیس کی فروخت سے متعلق ایوان میں اٹھائے گئے معاملہ سمیت پانچ رپورٹیں ایوان میں پیش کر دی گئیں۔ منگل کو قومی اسمبلی میں کمیٹی کے چیئرمین کی جگہ وجیہہ قمر نے بلوچستان میں ایرانی گیس کی فروخت سے متعلق ایوان میں اٹھائے گئے معاملہ پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 238 میں گیس کی قلت سے متعلق سید آغا رفیع اﷲ کے اٹھائے گئے معاملہ پر کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔ انہوں نے سید حسین طارق کی جانب سے نکتہ اعتراض پر حیدرآباد میں گیس لوڈ شیڈنگ سے متعلق کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔ اس کے علاوہ محمد ہاشم نوتیزئی کی جانب سے بلوچستان میں گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر اور محمد جمال الدین کے توجہ دلائو نوٹس پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی گئی۔