قومی اسمبلی ، آڈیو لیکس کمیشن میں چیف جسٹس کی شمولیت مفادات کا ٹکرائو قرار

اراکین کا گھوٹکی اور بہارہ کہو میں معصوم بچیوں کے قاتلوں کی گرفتاری اور اقلیتی اراکین اسمبلی کو فنڈز فراہم کرنے کا مطالبہ

منگل 30 مئی 2023 22:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مئی2023ء) قومی اسمبلی اجلاس میں اراکین نے آڈیو لیکس کمیشن میں چیف جسٹس کی شمولیت کو مفادات کا ٹکرائو قرار دیا ہے ،اراکین نے گھوٹکی اور بہارہ کہو میں معصوم بچیوں کے قاتلوں کی گرفتاری اور اقلیتی اراکین اسمبلی کو فنڈز فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ منگل کے روز قومی اسمبلی اجلاس کے دوران عوامی اہمیت پر بات کرتے ہوئے و وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاکہ عدلیہ اور پارلیمنٹ کے مابین متحارب ہونے کا سلسلہ گذشتہ کئی مہینوں سے چل رہا ہے اور نوبت یہاں تک پہنچی ہے کہ اگر ہم کوئی ایسا قدم آٹھائیں تو اس کی بھی مزاحمت کی جاتی ہے انہوں نے کہاکہ مفادات کا ٹکرائو بنیادی چیز ہے اگر کوئی منصف مدعی بھی ہو اور ملزم بھی ہو اور اس کا مسئلے سے کوئی مفاد وابستہ ہو تو اصول یہ ہے کہ اس کو منصفی کی کرسی پر نہیں بیٹھنا چاہیے انہوں نے کہاکہ وفاقی کابینہ نے ایک انکوائری کمیشن بنایا جس میں سینئر ترین ججز کو رکھا گیا اس انکوائری کمیشن کو چیف جسٹس نے معطل کردیا ہم نے پارلیمنٹ کے ممبران کو منتخب نہیں کیا تھا اور نہ ہی عدلیہ سے ہٹ کر کسی کو منتخب کیا گیا تھا انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس کی خوش دامن بھی ان آڈیو ٹیپس میں شامل تھی ہم نے انصاف کے اصولوں کے مطابق یہ کمیشن بنایا تھا اور اسی وجہ سے چیف جسٹس کو اس کمیشن میں شامل نہیں کیا گیا تھا انہوں نے کہاکہ آڈیو ٹیپس یا آڈیو لیکس فون کو ٹیپ کرکے لیکس کی جاتی ہیں یہ تمام گفتگو کو ہیک کیا جاتا ہے اور دنیا میں کہیں بھی بیٹھ کر ہیکرز گفتگو ریکارڈ کرتے ہیں انہوںنے کہاکہ ایسا پاکستان میں بھی ہوسکتا ہے انہوںنے کہاکہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو لیکس کے معاملے کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی کمیٹی کے خلاف بھی عدالت سے رجوع کیا گیا انہوں نے کہاکہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے اپنے بیٹے کے خلاف کیس سننے سے معذرت کر لی مگر اب تمام اچھی روایات ترک کی جارہی ہیں انہوںنے کہاکہ موجودہ چیف جسٹس کو بھی اپنے آپ کو اس بنچ سے الگ کر نا چاہیے تاکہ انصاف کی بالادستی پر کوئی حرف نہ آسکے انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس کے ون مین شو کو ختم کرنے کیلئے بل ایوان میں پیش کیا گیا اور ابھی وہ مکمل قانون بھی نہیں بنا تھا کہ چیف جسٹس نے اس کو معطل کر دیا انہوں نے کہاکہ ہم عدلیہ کے ساتھ مزاحمت نہیں چاہتے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا تعلق بہتر رہے اور ایک ادارہ دوسرے ادارے کو ڈکٹیٹ نہ کرے اور یہ عدلیہ پر بھی لازم ہے وہ پارلیمنٹ کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتی ہے یہ پارلیمنٹ سپریم ہے اور آئین کی رو سے مقدس اور متبرک ہے انہوں نے کہاکہ یہ صورتحال پاکستان کیلئے نقصان دہ ہے انہوںنے کہاکہ ماضی میں سیاستدانوں نے بڑی بڑی غلطیاں کی ہیں مگر اس قسم کی دو نمبری نہیں دیکھی ہے کہ انصاف کی کرسی پر بیٹھنے والے لوگ اپنی ذات کے ملوث ہونے کے حوالے سے الزامات کو کیسے سن سکتے ہیں انہوں نے کہاکہ ہم عدلیہ کی عزت میں اضافے کے خواہشمند ہیں مگر جو یہ کیا جارہا ہے یہ روایات قابل فخر نہیں بلکہ قابل شرم ہونگی انہوںنے کہاکہ تاریخ میں ایسے چیف جسٹس بھی موجود ہیں کہ شاید ان کی آنے والی نسلیں اپنی ولدیت ہی تبدیل کرلیں کہ وہ ان کا نام بھی نہیں لے سکتے ہیں انہوںنے کہاکہ آج ایک درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں داخل کی گئی ہے اور جس شخص نے دی ہے وہ خود ہی آڈیو لیکس میں ملوث ہے رکن اسمبلی ناز بلوچ نے کہاکہ عدالت کی تکریم اور تقدس کسی بھی معاشرے کیلئے ضروری ہے انہوں نے کہاکہ انصاف عملی طور پر دکھائی دینا چاہیے اور بڑے منصب پر بیٹھنے والے اپنے آپ کو اہل بھی ثابت کریں انہوں نے کہاکہ آڈیو لیکس کمیشن کے حوالے سے ایک کمیٹی بنائی گئی اور ہم نے پوری ایمانداری سے اپنا کام شروع کیا اسی طرح سینئر ججز پر مشتمل انکوائری کمیشن بھی درست اقدام تھا انہوں نے کہاکہ ججز کو اپنے عہدے سے انصاف کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

سندھ سے رکن اسمبلی ڈاکٹر درشن نے کہاکہ گھوٹکی میں دو روز قبل ایک بچی کو اغوا کیا جارہا تھا مگر شور کرنے پر بچی کو قتل کردیا گیا اس حوالے سے صوبائی حکومت کو فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی جائے اس حوالے سے گھوٹکی کی انتظامیہ بھی خاموش ہے انہوں نے کہاکہ اقلتی برادری کے ساتھ اس طرح کا سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا انہوں نے مطالبہ کیا کہ زرینہ کے موت کی تحقیقات کی جائیں رکن اسمبلی مہناز اکبر نے کہاکہ اسلام آباد کے علاقے بہارہ کہو میں ایک بچی کو قتل کیا گیا اور اس حوالے سے آئی جی اسلام آباد کو 7روز میں رپورٹ جمع کرانے کا کہا گیا تھا مگر یہ رپورٹ جمع نہیں ہوئی ہے انہوں نے کہاکہ پورے ملک کے بچے پاکستان کے بچے ہیں ہمیں سب بچوں کی خبر لینی ہوگی۔

رکن اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہاکہ چترال میں ٹرانسفارمر مرمت کی کوئی ورکشاپ نہیں ہے اور چکدرہ میں ورکشاپ بند ہوچکا ہے اب ٹرانسفارمر کی خرابی کے بعد نوشہرہ لیکر آنا ہوتا ہے جس پر بہت زیادہ اخراجات ہوجاتے ہیں انہوں نے کہاکہ ہم چندہ کرکے اپنے ٹرانسفارمر خود مرمت نہیں کر سکتے ہیں یہ پیسکو اخر کس بلا کا نام ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ چترال کو مذید ٹرانسفارمر فراہم کئے جائیں رکن اسمبلی نوید عامر جیوا نے کہاکہ وزیر اعظم شہاز شریف نے اقلیتی برادری کو فندز دینے کا وعدہ کیا تھا مگر ابھی تک کسی قسم کے فنڈز نہیں دئیے گئے ہیں انہوں نے کہاکہ یہ رویہ نہایت مایوس کن ہے ہم موجود ہ حکومت کے قیام میں ہر موقع پر ساتھ دیا ہے اب دوبارہ اراکین اسمبلی کو فنڈز دئیے جارہے ہیں مگر اقلیتی برادری کو فنڈز نہ دینا درست نہیں ہے انہوں نے کہاکہ یہ پیسہ قوم کا پیسہ ہے انہوں نے کہاکہ یا تو حکومت انکار کردے کہ اقلیتی برادری کو فندز نہیں دیں گے تو ہم پریس کانفرنس کرکے اپنی برادری کو بتا دیں گے کہ صرف حکومت بدلی ہے ہماری قسمت نہیں بدلی ہے۔

رکن اسمبلی ریاض الحق نے کہاکہ زرعی شعبے میں ملکی ضروریات پوری کرنے والے ضلع اوکاڑہ میں صحت کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں اور ہمیں اپنے مریض لاہور لیکر جانے پڑتے ہیں انہوں نے کہاکہ اوکاڑہ میں میڈیکل کالج بنانے کی اشد ضرورت ہے۔۔۔۔۔۔۔اعجاز خان