سعودی عرب میں 40 لاکھ ممنوعہ گولیاں ضبط، 6 افراد گرفتار

محکمہ انسداد منشیات کی ریاض میں کارروائی کے دوران 3 مصری، ایک سوڈانی، ایک یمنی اور ایک مقامی شہری پکڑے گئے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 1 جون 2023 10:10

سعودی عرب میں 40 لاکھ ممنوعہ گولیاں ضبط، 6 افراد گرفتار
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 جون 2023ء ) سعودی عرب کے محکمہ انسداد منشیات نے دارالحکومت ریاض میں کارروائی کے دوران 40 لاکھ سے زیادہ ممنوعہ گولیاں ضبط کرکے 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔ سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول (GDNC) کے سرکاری ترجمان مروان الحازمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاض میں 40 لاکھ 94 ہزار 950 سے زیادہ ممنوعہ گولیاں سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 6 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، گرفتار افراد میں 3 مصری، ایک سوڈانی، ایک یمنی اور ایک مقامی شہری شامل ہے، جنہیں گرفتار کرکے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔

سیکیورٹی ایجنسیوں نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ یا منشیات کے فروغ کے حوالے سے دستیاب معلومات کی فوری اطلاع دیں، جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول کو بھی رپورٹ دی جا سکتی ہے، تمام معلومات کو مکمل رازداری کے ساتھ ہینڈل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ادھر پاکستانی شہریت کا ایک باشندہ جدہ میں مشکوک حالت میں پکڑا گیا اور جب اس کی تلاشی لی گئی تو یہ واضح ہو گیا کہ وہ منشیات فروش ہے، محکمہ انسداد منشیات کے اہلکاروں نے مشتبہ شخص کے فرار کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھاگتے ہوئے اسے پکڑلیا جب اس کی تلاشی لی گئی تو اس کے قبضے سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد ہوئی، جس کے بعد انسداد منشیات کے اہلکاروں نے پاکستانی باشندے کے اپارٹمنٹ پر چھاپہ مارا تو منشیات کی ایک اضافی مقدار برآمد ہوئی، جس سے اس کے قبضے سے برآمد ہونے والی منشیات کی کل مقدار 306 گرام ہوگئی۔

علاوہ ازیں جنرل سکیورٹی نے متعدد جرائم کے مرتکب افراد کو گرفتار کیا، جن میں خاص طور پر منشیات فروش اور ممنوعہ گولیاں بیچنے والے ملزمان شامل ہیں، یمنی شہریت کے رہائشی اور جدہ میں ایک شہری کو گرفتار کیا گیا، جو نشہ آور ایمفیٹامائن اور طبی گردش کے لیے ریگولیٹ ہونے والی گولیوں کی تشہیر کر رہے تھے، ان سے سم کارڈز اور رقم ضبط کی گئی۔ جدہ میں پولیس نے پاکستانی شہریت کے ایک رہائشی کو گرفتار کیا جو میں نشہ آور اشیاء کی تشہیر کرتا تھا، اس کے قبضے سے موبائل فون اور بڑی رقم برآمد کرلی۔