، صدر جوبائیڈن نے قرض کی حد سے استثنیٰ کے بل پر دستخط کردئیے ،امریکا دیوالیہ ہونے سے بال بال بچ گیا؛ معاشی بحران برقرار

اتوار 4 جون 2023 18:05

o واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2023ء) امریکی صدر جوبائیڈن نے قرض کی حد سے استثنیٰ کے بل پر دستخط کردئیے جس سے یہ اہم بل قانون بن گیا اور ملک ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا۔تاہم معاشی بحران برقرار ہے ۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر جوبائیڈن کے بل پر دستخط سے کئی ہفتوں سے جاری ملک کے ڈیفالٹ کرجانے کے خدشات ختم ہوگئے۔ اگر یہ بل قانون نہ بنتا تو آج پیر کو امریکا دیوالیہ ہوجاتا۔

ڈیفالٹ ہونے کے خطرے سے بچ جانے کے باوجود ریٹنگ ایجنسی فِچ نے امریکا کی ’ٹرپل اے‘ کریڈٹ ریٹنگ کو منفی رکھا ہوا ہے تاہم مزید قرضہ لینے کے بعد ادائیگیوں کا سلسلہ بحال ہوجائے گا اور یہ ریٹنگ بہتر ہونے کی امید ہے۔اگر امریکا ڈیفالٹ کرجاتا تو ملک میں بیروزگاری اور مہنگائی کا سیلاب آتا۔

(جاری ہے)

کاروباری سرگرمیاں معطل اور کساد بازاری کا قوی امکان تھا۔

حکومت کو اپنے معاملات چلانے کے لیے بھی مشکلات درپیش ہوجاتے۔اس بل کی منظوری سے انکار کرتے ہوئے اپوزیشن جماعت نے مو قف اختیار کیا تھا کہ حکومت کو اپنی عیاشیاں کم کرنے کی ضرورت ہے۔ قرض پر قرض لیکر بوجھ عوام پر منتقل نہ کرے۔تاہم صدر جوبائیڈن کی ذاتی کاوشوں کے باعث اپوزیشن بل کی منظوری کے لیے راضی ہوگئی تھی اور بدھ کو ایوان نمائندگان اور جمعے کے روز سینیٹ نے بل کے حق میں ووٹ دیدیا تھا۔