فیصل آباد ڈویژن میں کپاس کی کاشت کا 102 فیصد ہدف حاصل کرلیا گیا

پیر 5 جون 2023 15:43

فیصل آباد ڈویژن میں کپاس کی کاشت کا 102 فیصد ہدف حاصل کرلیا گیا
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2023ء) فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ میں کپاس کی کاشت کے100فیصدٹارگٹ کی بجائے کاشت کا102 فیصد ہدف حاصل کرلیا گیاہے جبکہ محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی کوششوں اور کاشتکاروں کے تعاون سے پہلی بارچنیوٹ میں بھی1732ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کی گئی ہے جہاں گزشتہ سیزن میں ایک ایکڑ بھی فصل کاشت نہیں ہوئی تھی جس کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ یہاں سے بھی بہترین پیداوار حاصل کی جاسکے۔

پرنسپل ایگریکلچر آفیسر وڈویژنل ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری عبدالحمید نے بتایا کہ مجموعی طور پرڈویژن میں پچھلے سال سے 156 فیصد زیادہ فصل کاشت ہوئی ہے۔انہوں نے بتا یاکہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب، سیکرٹری زراعت اور کمشنر فیصل آباد کی ہدایات کی روشنی میں جعلی،ناقص وغیر معیاری پیسٹی سائیڈز کی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیاگیا ہے اورپیسٹ وارننگ کی ٹیموں کوبھی تمام انتظامی سپورٹ دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت کے حکام کے علاوہ فیصل آباد ڈویژن کی تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرزبھی کھادوں کی مانیٹرنگ کیساتھ ساتھ پیسٹی سائیڈز کوچیک کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن میں کپاس بازارکا قیام اچھا اقدام رہاتاہم اب کپاس کی شاندار کاشت کے بعدکاٹن کی فصل کی مینجمنٹ کی جانب بھی خصوصی توجہ مرکوز کی جا ئے گی۔انہوں نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ وہ کپاس کی فصل کا مسلسل بغور جائزہ لیتے رہیں اور کسی بھی مسئلہ کی صورت میں فوری محکمہ کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے استفادہ کریں۔