صدرمملکت نے طالب علم کی اپیل منظورکرلی ،وفاقی محتسب کا فیصلہ مسترد

یونیورسٹی حماد بن زین کا داخلہ بحال کرے ، محتسب کو تعمیل کی رپورٹ فراہم کی جائے ،فیصلہ یونیورسٹی نے اتنی بڑی غلطی کی ،ساڑھے 3 سال بعد طالب علم کو بتایا کہ وہ داخلے کا اہل نہیں،عارف علوی

پیر 5 جون 2023 20:56

صدرمملکت نے طالب علم کی اپیل منظورکرلی ،وفاقی محتسب کا فیصلہ مسترد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2023ء) صدر مملکت عارف علوی نے کامسیٹس یونیورسٹی طالب علم کو ڈگری مکمل کرنے کا موقع فراہم کر دیا ،یونیورسٹی نے 7 سمسٹر مکمل ہونے کے بعد طالب علم کا داخلہ منسوخ کردیا تھا،حماد بن زین کا داخلہ 2017 ء میں کم نمبر حاصل کرنے کی بنیاد پر ساڑھے 3 سال بعد منسوخ کیا گیا،صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ یونیورسٹی نے اتنی بڑی غلطی کی ،حیران کن بات ہے کہ ساڑھے 3 سال بعد طالب علم کو بتایا کہ وہ داخلے کا اہل نہیں ،طالب علم نے 8 سمسٹر کی فیس ادا کی ، تندہی سے 7 سمسٹر مکمل کیے ، غلطی نہ ہونے کے باوجود اس کا مستقبل داؤ پر لگ گیا،انصاف کا تقاضا ہے کہ طالب علم کو ڈگری پروگرام مکمل کرنے کی اجازت دی جائے ،صدر مملکت نے طالب علم کی اپیل منظور کرتے ہوئے وفاقی محتسب کا فیصلہ مسترد کردیااور کہا کہ طالب علم اپنے ڈگری پروگرام کے ساڑھے 3 سال مکمل کر چکا ہے، طالب علم پر غلط بیانی کا کوئی الزام نہیں اسے یونیورسٹی انتظامیہ کی غفلت کا خمیازہ نہیں بھگتنا چاہیے،داخلہ منسوخ ہونے سے طالب علم کا وقت، پیسہ اور محنت ضائع ہو گی، یونیورسٹی حماد بن زین کا داخلہ بحال کرے ، محتسب کو تعمیل کی رپورٹ دے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ حماد بن زید نے وفاقی محتسب کو کامیسٹس کے خلاف شکایت درج کرائی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اہلیت کا معیار جانچنا یونیورسٹی کی ذمہ داری ہے ،اگر میں مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترتا تو 2017 میں داخلہ ہی نہیں دینا چاہیے تھا، وفاقی محتسب نے یونیورسٹی کو صرف معاملے کی انکوائری کرنے ، قصوروار اہلکاروں کو غفلت کا ذمہ دار ٹھہرانے کا حکم دیا،ریلیف نہ ملنے پر طالب علم نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف صدر مملکت کو اپیل کی تھی۔

متعلقہ عنوان :