معاون خصوصی برائے کھیل کی زیرصدارت اجلاس کا انعقاد، جاری و نئے منصوبوں حوالے تبادلہ خیال

منگل 6 جون 2023 20:57

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2023ء) نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے کھیل و امور نوجوانان مطیع اللہ مروت کی زیر صدارت محکمہ کے جاری اور نئے منصوبوں کے حوالے سے تعارفی اجلاس کا انعقاد ہوا۔معاون خصوصی نے متعلقہ حکام کو حیات آباد کرکٹ سٹیڈیم اور ارباب نیاز سٹیڈیم میں باقی ماندہ کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔

انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی جلد فعالیت سے پی ایس ایل اور بین الاقوامی لیول کے میچز خیبرپختونخوا میں منعقد کیے جائیں گے۔ معاون خصوصی کوبریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا کے محکمہ کھیل کا ترقیاتی بجٹ باقی صوبوں کی نسبت زیادہ ہے اور بہترین سہولیات کی بدولت ہمارے کھلاڑی کھیل کے تمام میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

حیات آباد سپورٹس کمپلیکس اور ارباب نیاز سٹیڈیم میں بہترین سہولیات کی فراہمی میں کیلئے صوبائی لیول پر 250 ملین روپے کی لاگت کےمنصوبے سے محکمہ خزانہ نے اصولی اتفاق کیا ہے جبکہ پاکستان سپورٹس بورڈ کی طرف ہمارے کوچز کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت بھی دی جاتی ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ انٹر ورسٹی گیمز میں 3ہزار، زمونگ کور سپورٹس فیسٹیول میں 750 اور انٹر حلقہ جات گیمز میں 5800 کھلاڑیوں نے 115 حلقہ جات سے شرکت کی جبکہ بنوں میں کبڈی چیلنج کپ بھی منعقد کیا گیا ۔

اجلاس میں سیکرٹری کھیل و امور نوجوان مشتاق علی خان ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خالد محمود اور محکمہ کھیل و امور نوجوانان کے اعلی حکام بشمول ضم اضلاع کے دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے کھیل و امور نوجوانان مطیع اللہ مروت نے کہا کہ محکمہ کے تمام نظام کو ڈیجیٹائز کریں اور ای ٹینڈرنگ بشمول ای بڈنگ کے اجراء اور کھلاڑیوں کی آن لائن رجسٹریشن سے لیکر یونین کونسل لیول پر بھی موجود سہولیات کو ویب سائٹ پر ڈالیں۔

دیگر سہولیات کے لیے بھی موبائل ایپ تیار کی جائے اسی طرح ممبرشپ کو بھی آن لائن کیا جائے۔ بریفنگ کے دوران انہیں بتایا گیا کہ محکمہ کھیل کا اس وقت 62 منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں 50 جاری اور 12 نئے منصوبے شامل ہیں۔ انہیں ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس کے سروس سٹرکچر اور درپیش مسائل پر بھی بریفنگ دی گئی۔ نگراں معاون خصوصی کو امور نوجوانان کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضم اضلاع بشمول بندوبستی اضلاع میں نوجوانوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کیے گئے ہیں جن میں یوتھ کارنیول، کے پی ایمپیکٹ چیلنج، جوان مراکز، یوتھ سنٹرز کے قیام، وینٹیج کار ریلیز اور دیگر منصوبے شامل ہیں۔