مقبوضہ کشمیر : حریت رہنمائوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پر اظہار تشویش

جمعرات 8 جون 2023 20:42

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2023ء) غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیرمیں جموں وکشمیرڈیموکریٹک یوتھ فورم نے حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پر سخت تشویش ظاہر کی ہے ۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک یوتھ فورم کے وائس چیئرمین عمیر الاسلام نے سرینگر یں جاری ایک بیان میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ اور دیگر رہنمائوں محمد یاسین ملک ،شبیر احمد شاہ، نعیم احمد خان، مشتاق الااسلام ،آسیہ اندرابی،فہمیدہ صوفی،ناہیدہ نسرین، یاسمین راجہ اور زمرودہ حبیب کی مسلسل غیر قانونی گرفتاری پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری حریت قیادت اور حریت پسند عوام کے خلاف بھارت فوجی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے اور کشمیری عوام اپنے گھروں سے ہجرت کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت دانستہ طورپر مقبوضہ علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول قائم کرنے کیلئے حریت رہنمائوں کو جھوٹے الزامات کے تحت گرفتار کررہی ہے ۔ عمیر الاسلام نے واضح کیاکہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے مودی حکومت حریت قیادت اور کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کر سکتی ۔