ایل اے 15 ضمنی الیکشن، پیپلز پارٹی فتحیاب قرار

شکست کھانے والی ن لیگ نے اپنی ہی اتحادی جماعت پر دھاندلی کا الزام لگا دیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 8 جون 2023 23:06

ایل اے 15 ضمنی الیکشن، پیپلز پارٹی فتحیاب قرار
باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جون2023ء) ایل اے 15 ضمنی الیکشن، پیپلز پارٹی فتحیاب قرار، شکست کھانے والی ن لیگ نے اپنی ہی اتحادی جماعت پر دھاندلی کا الزام لگا دیا۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر اسمبلی کے حلقہ ایل اے 15 باغ میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج سامنے آگئے ہیں۔ جمعرات کے روز ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں حلقہ ایل اے 15 کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج مرتب کر لیے گئے، جس کے مطابق وفاقی حکومت کی فرنٹ سیٹ پر براجمان ن لیگ کو اپنی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کے ہاتھوں واضح مارجن سے شکست ہو گئی۔

آزاد جموں کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 15 باغ ٹو میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی، یہ نشست سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کو نااہل کیے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

ضمنی الیکشن کیلئے حلقے میں 189 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے، جن میں مردوں کیلئے 59 پولنگ سٹیشن، خواتین کیلئے 57 پولنگ سٹیشن جبکہ 73 مشترکہ پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے۔

189 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سردار ضیا القمر نے 25 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار مشتاق منہاس 20 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کر سکے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماوں نے ایل اے 15 ضمنی الیکشن کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پر دھاندلی کا الزام عائد کر دیا۔ ن لیگ کی سابق ایم پی اے حنا پرویز بٹ نے پیپلز پارٹی پر ضمنی الیکشن کے دوران ٹھپے لگانے کا الزام عائد کیا ہے۔

جبکہ لیگی رہنما عطا تارڑ نے دعوٰی کیا کہ ایل اے 15 میں دھاندلی کیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ اس حوالے سے پی پی رہنما عبدالکریم کنڈی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کو لگتا ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے تو اس کے ثبوت سامنے لائیں، مینڈیٹ کا احترام کیا جانا چاہیے۔