چیئرمین سینیٹ نے فنانس بل24 -2023ء کیلئے ارکان سینیٹ سےسفارشات طلب کر لیں

جمعہ 9 جون 2023 22:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2023ء) چیئرمین سینیٹ نے فنانس بل-242023ء کیلئے ارکان سینیٹ سے پیر کو دوپہر 12 بجے تک سفارشات طلب کر لیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی طرف سے سالانہ بجٹ گوشواروں پر مشتمل فنانس بل -242023ء کی نقل پیش کرنے کے بعد چیئرمین سینیٹ نے ارکان کو ہدایت کی کہ وہ پیر کی دوپہر بارہ بجے تک فنانس بل سے متعلق اپنی سفارشات سینیٹ سیکرٹریٹ میں بھجوا دیں۔

اس تاریخ کے بعد کوئی تجویز یا سفارش زیر غور نہیں لائی جائے گی۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے ارکان کی طرف سے جمع کرائی جانے والی سفارشات قائمہ کمیٹی برائے خزانہ اور قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی و ترقی کو بھجوائی جائیں گی۔ دونوں قائمہ کمیٹیاں 16 جون تک اپنی سفارشات ایوان بالا میں پیش کر دیں گی جس کے بعد ان سفارشات کو منظوری کیلئے قومی اسمبلی میں بھجوایا جائے گا۔